وزیر خارجہ سے پاکستان میں تعینات یورپی یونین کی سفیر کی ملاقات ، اہم امور پر تبادلہ خیال
باغی ٹی وی :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات یورپی یونین کی سفیر اندرولا کمنارا نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تجارتی اور سیاسی تعاون کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے یورپی سفیر کو بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کے منظور کردہ امتیازی شہریت ترمیمی قانون کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
یورپی یونین کی سفیر نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے ایکشن پلان سے متعلق پاکستان کے مصمم ارادے کو سراہا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو تکنیکی سہولیات کی فراہمی کا بھی یقین دلایا۔
اس سے قبل سلام آباد میں سیکرٹری جنرل او آئی سی کے نمائندہ خصوصی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلامی تنظیم کی کشمیر کے حوالے سے بہت سی قراردادیں موجود ہیں۔ یوسف ایم الدوبے کو کشمیر کی صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے مابین کس مسئلہ پر جنگ ہو سکتی ہے؟ سابق امریکی سفیر کیمرون منٹرنے کیا کہا؟
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت میں امتیازی قانون کا نفاذ کرکے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی زندگی تنگ کی جا رہی ہے۔ نئی دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔ بھارت کے رویے سے پاکستانیوں کی دل آزاری ہوئی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں بل پر احتجاج کی کیفیت ہے۔ متنازع شہریت قانون پر مسلمانوں کے علاوہ ہندوؤں نے بھی آواز بلند کی ہے۔اس سے قبل او آئی سی سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں وکشمیر یوسف ایم الدوبے نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کی خلاف ورزی میں، پانچ اگست 2019ء سے اٹھائے گئے بھارتی اقدامات زیر گفتگو آئے۔