وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا کراچی کے اضلاع ساؤتھ، ایسٹ ، سینٹرل ،ویسٹ ، کیماڑی کے مختلف علاقوں کا دورہ،سمندری طوفان کے پیش نظر پمپنگ اسٹیشنز، برساتی نالوں کا معائنہ. سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی لئیق احمد، ڈی سی جنوبی ارشاد احمد سوڈر و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔
سیکرٹری بلدیات نجم شاہ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان نے صوبائی وزیر کو کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے پیشگی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے تین تلوار،شیریں جناح کالونی، ماڑی پور ، گلشن اقبال، ناگن چورنگی، گجر نالے اور مختلف علاقوں میں پمپنگ اسٹیشن کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سمندری طوفان سے نمٹنے کیلئے تمام اداروں کی تیاری کا جائزہ لیا ہے۔

محکمہ بلدیات میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کو برساتی نالوں کی نگرانی کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور چوکنگ پوائنٹس کلیئر کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔صوبائی وزیر بلدیات نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایت دی کہ طوفان و بارشوں کے دوران پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں

Shares: