وزیرِ اعظم شہباز شریف بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کے نقصان اور جاری بحالی کے کام کے جائزے کیلئے کوئٹہ پہنچ گئے.وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، وزیراعظم کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔
کوئٹہ پہنچنے پر وزیراعظم کا ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور دیگر حکام نے استقبال کیا، سیلاب سے متاثرہ ضلع کچھی دورہ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو سیلاب کے نقصانات اور امدادی کاموں پر بریفنگ دی گئی اور سیلاب متاثرہ روڈ اور ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی بارے بھی آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے انفراسٹرکچر کی بحالی کے کام کو سراہا ہے۔
وزیراعظم نے سیلاب میں بہہ جانے والے پنجرہ پل کی بحالی کے کام کا بھی جائزہ لیا، وزیراعظم نے بحالی کے کام میں مصروف مزدوروں کے لئے 50 لاکھ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگوں نے محنت کی انہیں شاباش دیتا ہوں اور متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انفراسٹرکچرکی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، سیلاب سے پورے ملک میں تباہی پھیلی ہوئی ہے، سیلاب میں لوگوں کے مال مویشی بہہ گئے، فصلیں اور لاکھوں گھر تباہ ہوچکے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے کہ تمام امور احسن انداز سے مکمل ہوں گے، چند روز بعد ایک بار پھر فضائی جائزہ لوں گا، متاثرین کو کسی صورت بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ بی بی نانی پل کا دورہ کرتے ہوئے پل کی بحالی میں مصروف مزدوروں کیلئے 30 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے، اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پل کی بحالی کیلئے محنت کشوں اور مزدوروں نے دن رات کام کرتے ہوئے 8 گھنٹے میں پل کو بحال کیا ہے، ہم سب کو ملکر اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے۔
اس موقع پروزیر اعلیٰ بلوچستان نے بھی پل بحالی کیلئے کام کرنے والے مزدوروں کیلئے 20 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔قبل ازیں نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئرمین خرم آغا کی جانب سے وزیر اعظم کو فضائی دورہ کے موقع پر بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور جاری بحالی کے کام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ کا آڈٹ کرانے کا اعلان کیا تھا .اسلام آباد سے جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ وعدے کے مطابق یقینی بنانے کےلیے حکومت نے پی ایم ریلیف فنڈ کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایم ریلیف فنڈ کا آڈٹ اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (اے جی پی آر) اور عالمی شہرت یافتہ کمپنی کرے گی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ کمپنیاں ریلیف فنڈ کی رقم کے خرچ سمیت فنڈ کی آڈٹنگ کریں گی اور آڈٹ رپورٹ منظر عام پر لائی جائے گی۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کی ،وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ہر طرح سے آپ کی مدد کے لئے حاضر ہے تمام سیلاب متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے وزیراعظم نے سندھ میں سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے سندھ حکومت اور وزیر اعلی کی کارکردگی اور جذبے کو سراہا ہے.