وزیر صحت پنجاب ، ڈاکٹر یاسمین راشد کی وزیراعظم سے ملاقات ، خصوصی رپورٹ پیش کر دی
وزیرِ اعظم عمران خان سے صوبائی وزیرِ صحت پنجاب، ڈاکٹر یاسمین راشد کی ملاقات ، ملاقات میں معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی شریک ہوئے
ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیرِ اعظم کو پورے پنجاب کے دو کروڑ بائیس لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ کے اجراء پر پیش رفت سے آگاہ کیا. انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایات کے عین مطابق پنجاب کے 100 فی صد خاندانوں کو بارہ ماہ کے اندر فی خاندان سات لاکھ بیس ہزار کے ہیلتھ لارڈ کا اجراء مکمل کر لیا جائے گا.
رواں مالی سال جون تک پنجاب کی 45 فی صد آبادی جس میں ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے سات اضلاع شامل ہیں میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء مکمل ہو جائے گا. باقی اضلاع میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء دسمبر 2021 تک مکمل کرکے پورے پنجاب کو ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا ہدف پورا کرلیا جائے گا.
ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ ہیلتھ کارڈ سے کسی بھی سرکاری اور پینل پر موجود نجی ہسپتالوں سے علاج معالجے کی سہولیات حاصل کی جا سکیں گی.
وزیرِ اعظم نے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سستی بنیادی صحت کی سہولیات کی ہر شہری تک رسائی حکومت کی اولین ترجیح ہے. حکومت سرکاری ہسپتالوں میں نظام کی بہتری کے ساتھ ساتھ نجی ہسپتالوں کو سستی زمین فراہم کرکے اس بات کو یقینی بنانے جا رہی ہے کہ غریب گھرانوں میں بیماری کی صورت میں وسائل کی عدم دستیابی پر کوئی علاج سے محروم نہ رہے.