اسلام آباد: ہم گریبان پرہاتھ ڈالنا جانتے ہیں :شاہد خاقان نے دل کی بات کیوں کی؟ ااطلاعات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جنہوں نے ہمارے گریباں پر ہاتھ ڈالا ہے ان کے گریباں پر بھی کوئی ہاتھ ڈالے گا۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی تو شاہد خاقان عباسی پیش ہوئے۔ وکلاء کی ہڑتال کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارا پہلے دن سے مطالبہ ہے معلوم تو ہو ان عدالتوں میں ہو کیا رہا ہے، اب خود وزیراطلاعات نے بھی اعتراف کیا ہے کہ عدالتوں میں کیمرے لگیں اور پتہ چلے کہ ہو کیا رہا ہے، یہاں کوئی انصاف نہیں ہے، صرف زباں بندی اور انتقام کی کوشش ہے، اس کیس میں ہمارے خاندان اور دوستوں کو ملوث کیا گیا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہماری پانچ سالہ حکومت میں کوئی کرپشن اسکینڈل ملے تو ہم ذمہ دار ہیں، وفاقی وزراء کا نیب کے ساتھ کیا تعلق ہے جب وہ پریس کانفرنس کرتے ہیں تو پتہ چل جاتا ہے کہ نیب کون چلا رہا ہے، ایسے کیسز کے بعد کوئی سرکاری افسر کام کرنے کو تیار نہیں ہے، سرکاری افسر کہتے ہیں جب تک نیب کا یہ نظام رہے گا کام نہیں ہو سکتا۔