کوئٹہ:وزیراعظم کے گوادر تحریک کے مطالبات کا نوٹس لینے کا خیر مقدم کرتےہیں ،اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے گوادر تحریک کے مطالبات کا نوٹس لینے کا خیر مقدم کرتے ہیں، مطالبات کے تحت بیشتر اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے، غیر قانونی ماہی گیری اور ٹرالنگ کی روک تھام یقینی بنارہےہیں اورغیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مطالبات کےحوالےسے وزیراعظم عمران خان کی یقین دہانی خوش آئند ہے،گوادرتحریک کےمطالبات انسانی حقوق کےتحفظ پرمبنی ہیں، مطالبات پہلےہی سےموجودہ حکومت کی پالیسی میں شامل ہیں، صوبائی حکومت اپنی پالیسی اور گوادر تحریک کےمطالبات کےتحت بیشتر اقدامات پرعملدرآمد کررہی ہے اورصوبائی حکومت کےدائرہ کارمیں آنے والےمطالبات پرتیزی سےپیش رفت جاری ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ متعلقہ صوبائی محکمےغیرقانونی ماہی گیری اورٹرالنگ کی روک تھام یقینی بنارہےہیں، غیر ضروری چیک پوسٹوں کوختم کر دیا گیا ہے، سرحدی تجارت کا آغاز اور ٹوکن سسٹم کو ختم کردیا گیا ہے، محکمہ پی ایچ ای کو گوادر شہر میں پانی کے مسائل کے فوری حل کے لئے فنڈز کا اجراء کیا گیا ہے، گوادر اولڈ ٹاؤن کی ترقی کی منصوبہ بندی اور فنڈز فراہم کیۓ جارہے ہیں، بجلی سمیت بعض دیگر مطالبات کا تعلق وفاقی حکومت سے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی مطالبات کے حوالے سے یقین دہانی سے وفاق سے متعلق مطالبات بھی حل ہونگے، متعلقہ وفاقی و صوبائی محکمے اور ادارے غیر قانونی ٹرالنگ کے سدباب کے لئےمزید مربوط و موثر اقدامات کرینگے، وفاقی اور صوبائی حکومت سرحدی تجارت کے فروغ اور بارڈر مارکیٹوں کے منصوبے کی جلد تکمیل یقینی بنائیں گی، گوادر تحریک کے مطالبات پر پیشرفت کے حوالے سےوزیراعظم کو مفصل رپورٹ پیش کرینگے۔