فیصل آباد:فیصل آباد کو خوبصورت ، امن کا گہوارہ شہراورشہریوں کے لیے تمام ترسہولیات کی فراہمی ممکن بنائیں گے،اطلاعات کےمطابق ڈویژنل کمشنر/ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن عشرت علی نے کہا ہے کہ مونسپل سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ شہریوں کوشہری سہولیات سے متعلق بہتر سے بہتر ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
انہوں نے یہ بات میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ارکان اسمبلی کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہی۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب،ارکان اسمبلی فیض اللہ کموکا،لطیف نذر،شکیل شاہد اور دیگر ارکان اسمبلی کے نمائندے موجود تھے جبکہ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن سردار نصیراحمد،چیف ٹریفک آفیسر سردار محمد آصف اورمیٹروپولیٹن کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈویژنل کمشنر نے ارکان اسمبلی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے انفرادی واجتماعی مسائل تیزی سے حل کرنے کے لئے موثر لائحہ عمل اختیار کیا گیاہے اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی مشاورت وتجاویز کی روشنی میں عوامی خدمت کا معیار مزید بلند کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔
اس سلسلے میں ان کی معاونت ناگزیر ہے۔انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے انتظامی ودفتری امور سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ افسران کی کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور اہداف تفویض کرکے ان کے حصول کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔
ڈویژنل کمشنر نے ارکان اسملی سے کہا کہ وہ علاقائی تعمیر وترقی کے منصوبے تجویز اور عوام کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی معاونت کریں تاکہ مل جل کر شہری ترقی اورعوامی بہبود کے مشن کو آگے بڑھایا جاسکے۔ارکان اسمبلی نے بعض عوامی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی کاگراف مزید بلند کرنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
۔۔۔///۔۔۔








