چین کو یوکرین میں جاری تنازعہ سے فائدہ اٹھانے نہیں دیں گے:کواڈ اتحاد کا پیغام

0
59

نئی دہلی :چین کو یوکرین میں جاری تنازعہ سے فائدہ اٹھانے نہیں دیں گے:کواڈ اتحاد کا پیغام،اطلاعات کے مطابق کواڈ اتحاد کے سربراہوں نے تائیوان کے حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا ہے۔ اجلاس میں رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یوکرین میں جو کچھ ہو رہا ہے اس طرز پر انڈوپیسیفیک خطے میں کوئی کارروائی ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز ہونے والی ورچوئل میٹنگ میں امریکی صدر جو بائیڈن، جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا، آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے حصہ لیا۔اس وقت جب کہ دنیا اور بالخصوص مغرب کی نگاہیں روس اور یوکرین میں جاری جنگ پر مرکوز ہیں، تائیوان کے حوالے سے چین کے رویے پر تشویش کواڈ اتحادی ممالک کی مزید بڑھ گئی ہے۔

اس ضمن میں جاپانی وزیر اعظم کیشیدا نے روس یوکرین تنازعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہم اس بات پر متفق تھے کہ اس طرح کی کسی طاقت کا استعمال کرکے انڈوپیسیفیک میں صورت حال کو یکطرفہ طورپر تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہم اس بات پر بھی متفق تھے کہ روس کے یوکرین پر حملے کے بعد پیدا شدہ حالات کے مدِنظر ایک آزاد اور کھلے انڈوپیسیفیک خطے کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لیے کام کرنا اور بھی زیادہ اہم ہوگیا ہے۔

آسٹریلوی وزیر اعظم موریسن نے میٹنگ کے بعد اپنےجاری کردہ بیان میں کہا یوکرین میں جو کچھ ہو رہا ہے انڈوپیسیفیک خطے میں ہم ویسا ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم ایک آزاد اور کھلا خطہ برقرار رکھنے کے لیے پرعز م ہیں،جہاں چھوٹی طاقتوں کو بڑی طاقتوں سے ڈرنے کی ضرورت نہ ہو

مزید براں، امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ اس میٹنگ میں کواڈ رہنماؤں نے انڈوپیسیفیک سمیت پوری دنیا میں خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تئیں اپنے عہد کا اعادہ کیا۔

بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم مودی نے اس بات پر زور دیا کہ کواڈ انڈوپیسیفیک خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے اپنے اصل ہدف پر توجہ مرکوز رکھے۔

یاد رہے، کواڈ ملکوں میں بھارت واحد ملک ہے جس نے یوکرین پر روس کے حملے کی مذمت نہیں کی ہے بلکہ اقو ام متحدہ میں روس کے خلاف پیش کردہ قرارداد پرووٹنگ کے دوران غیر حاضر رہا۔

ادھرجاپان نے یوکرین کوبُلٹ پروف جیکٹس اوردیگر ضرورت کا سامان فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔یوکرین کی مدد کا فیصلہ جاپان کی قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔ جاپانی وزارت دفاع کے مطابق یوکرین کو فراہم کی جانے والی اشیامیں ہیلمٹ، سخت سرد موسم کا لباس، خیمے، کیمرے، حفظان صحت کی مصنوعات، ہنگامی غذائی اشیا اورجنریٹر شامل ہیں۔

خیال رہے کہ جاپان پہلی بار اپنی بُلٹ پروف جیکٹس کسی ملک کو فراہم کرے گا۔حکومتی ترجمان کے مطابق جاپان یوکرین کو اسلحہ فراہم نہیں کرے گا اور نہ ہی ایسا کوئی منصوبہ ہے۔

Leave a reply