وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا خواہاں رہا ہے لیکن بھارت نے اسرائیل کے اکسانے پر اشتعال انگیزی کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے پہلگام کا حملہ خود کیا اور جب پاکستان نے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تو جواب میں بھارت نے ڈرون اور میزائل حملے کیے پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جس پر پوری قوم کو فخر ہے، پاکستان نے اللہ کے فضل سے عظیم الشان فتح حاصل کی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کے لوگ مختلف نظریات، زبانوں اور مذاہب سے تعلق رکھتے ہیں لیکن جب ملک پر بحران آتا ہے تو سب یکجا ہو جاتے ہیں ایسا نہیں کہ ہمارے اختلافات ختم ہو گئے ہیں لیکن کچھ ایسے اصول ہیں جن پر پوری قوم متفق ہے،میں مودی کا شکریہ ادا کروں گا کہ اس نے ایک ایڈونچر سے سب بدل دیا۔ 20 دن پہلے کا پاکستان اور آج کا پاکستان بالکل مختلف ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ہم صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں اور ویکسین اور ادویات کی مقامی سطح پر تیاری کے لیے کام جاری ہے معیاری مقامی ادویات کی تیار ی سے نہ صرف انحصار کم ہوگا بلکہ صحت کی سہولیات زیادہ قابلِ رسائی بنیں گی۔

Shares: