نئی دہلی: ٹھنڈی روٹی کیوں دی ؟ بس اتنی سی بات پرگولی ماردی،برداشت ختم ہوگئی، حوصلہ ہمت ہارگیا،چھوٹی چھوٹی بات پرقتل ہونے لگے،یہ اس طرح کا پہلا واقعہ نہیں بلکہ درجنوں واقعات سن چکے ہیں ، تازہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک ڈھابے کے مالک کو اس لیے گولی مار دی گئی کیونکہ اس نے 2 نوجوانوں کو ٹھنڈی روٹی سرو کی تھی، ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرلیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے ضلع ایٹہ میں پیش آیا جہاں ایک ڈھابے کے مالک نے 2 نوجوانوں کو ٹھنڈی روٹی سرو کی، اس پر گاہکوں اور مالک کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی۔

عینی شاہدین کے مطابق بعد ازاں ایک نوجوان نے مالک کو گولی مار دی جس سے ڈھابہ مالک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ڈھابے کا مالک اودھیش یادو بس اڈے کے سامنے جیوتی ہوٹل کے نام سے ڈھابہ چلا رہا تھا۔ گزشتہ رات ساڑھے 11 بجے کے قریب 2 نوجوان آئے اور کھانے کا آرڈر دیا۔

کھانے میں ٹھنڈی روٹی دینے پر اودھیش اور نوجوانوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی، ایک نوجوان نے لائسنس یافتہ پستول نکالا اور مالک کو گولی مار دی۔

پولیس کے مطابق گولی ڈھابہ مالک کو داہنی ٹانگ میں لگی، واقعے کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس نے ملزمان کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا۔

Shares: