فیصل آباد :تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقے چندیاں تلاواں میں بھٹہ مزدور کی پانچ سالہ بیٹی مبینہ زیادتی کے بعد قتل ۔ والدہ کے مطابق کمسن میرب کی لاش بھٹے کے دفتر میں فریزر کے پیچھے سے ملی ۔

تفصیلات کے مطابق چندیاں تلاواں کے رہائشی بھٹہ مزدور شہزاد کی پانچ سالہ بیٹی میرب ہفتہ کی شام گلی میں کھیلتے ہوئے لاپتا ہو گئی تھی ۔ تلاش کے دوران اس کی لاش گھر کے قریب بھٹے کے دفتر میں فریزر کے پیچھے سے ملی ۔

تھانہ ملت ٹاؤن پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے الائیڈ اسپتال منتقل کر دی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق شبہ ہے کہ بچی کو زیادتی کے بعد ملزم نے پہچانے جانے کے خوف سے گلا دبا کر قتل کر دیا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتولہ میرب کی والدہ کا کہنا تھا کہ اس کی بیٹی کھیلنے کے لئے گھر سے باہر گئی تھی جہاں سے وہ دودھ لینے گئے دادا کے پیچھے چلی گئی ۔ کسی ظالم نے اسے راستے ہی سے غائب کر دیا اور وہ رات تک گھر واپس نہ پہنچی ۔ تلاش کرنے پر اس کی لاش بھٹے کے دفتر سے ملی ۔

دوسری طرف ایس ایس پی آپریشنز محمد افضل نے کہا ہے کہ پوسٹمارٹم کے بعد ہی زیادتی کی تصدیق ہو سکے گی ۔ تفتیش جاری ہے ، جلد ہی ملزم تک پہنچ جائیں گے ۔ قتل کی انکوائری کے لئے ایس پی مدینہ ٹاؤن کی سربراہی میں ٹیم بنا دی ہے جس میں ڈی ایس پی اور تین ایس ایچ اوز شامل ہیں ۔

Shares: