میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ): دنیا بھر کی طرح میرپورخاص میں بھی ذہنی صحت کا عالمی دن بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سول ہسپتال میرپورخاص اور پاکستان سائیکاٹرسٹ سوسائٹی کے باہمی تعاون سے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سول سوسائٹی کے نمائندے، نوجوان اور صحت کے ماہرین نے شرکت کی۔

سیمینار میں معروف ماہر نفسیات ڈاکٹر لکیش کمار کھتری نے ذہنی صحت کی اہمیت اور نفسیاتی بیماریوں کے اسباب پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تقریباً 970 بلین افراد نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہیں اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں یہ مسئلہ زیادہ سنگین ہے۔ اس کی بڑی وجوہات میں معاشرتی مسائل، بیروزگاری، اور نفسیاتی ماہرین کی کمی شامل ہیں۔ ڈاکٹر لکیش نے کہا کہ ذہنی بیماریوں کو سماجی عیب سمجھنے کی وجہ سے 90 فیصد سے زائد مریض ماہرین تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔

اس سال کے عالمی دن کا موضوع "کام کی جگہ پر ذہنی صحت کو ترجیح دینا” تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر لکیش نے کہا کہ بہتر حکمت عملی کے ذریعے کام کی جگہ پر ذہنی دباؤ کو کم کیا جا سکتا ہے، جس سے کارکردگی میں چالیس فیصد بہتری آ سکتی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جیرام داس اور سول سرجن ڈاکٹر ہیمجی چوہان نے بھی ذہنی صحت کے موضوع پر بات کی اور کہا کہ میرپورخاص میں ماہر نفسیات کی شدید کمی ہے جس کے باعث عوام میں آگاہی کا فقدان ہے۔

اس موقع پر دیگر مقررین جن میں سماجی رہنما محمد بخش کپری، معروف صحافی شاہد حسین خاصخیلی، اور پروفیسر سکندر مری شامل تھے، نے بھی ذہنی صحت کی اہمیت پر زور دیا اور ایسے آگاہی پروگراموں کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Shares: