سرگودہا(نمائندہ باغی ٹی وی )ملک بھر کی طرح سرگودھا میں بھی ورلڈ ٹیچرز ڈے جوش وخروش سے منایا گیا۔پیپلز سوشل ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے متعدد سکولوں میں ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسا تذہ میں اسناد تقسیم کی گئیں،اساتذہ کی قدر کریں گے تو ملک کا مستقبل تابناک ہوگا،عبدالمنان چوہدری اور دیگر کا خطاب تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹیچرز ڈے کے موقع پر سرگودھا میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا،پیپلز سوشل ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے متعدد سکولوں میں ورکشاپس اور سیمینارز کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر پیپلز سوشل ویلفیئر سوسائٹی عبدالمنان چوہدری اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ وہ قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں جو اپنے استاد کی عزت نہیں کرتیں۔ استاد معماران قوم ہیں جن کے ہاتھ میں قوم کا مستقبل ہے۔لیکن بدقسمتی سے نہ حکومت اور نہ ہی ہمارا معاشرہ استاد کووہ مقام دینے کو تیار ہے جس کے وہ مستحق ہیں۔تعلیم کے بغیرہم قوموں کی زندگی میں کوئی مقام حاصل نہیں کر سکتے اور تعلیم کی فراہمی استاد کے بغیر ناممکن ہے ۔اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر آئیں عہد کریں کہ ہم اپنے استاد کو عزت ومرتبہ سے نوازیں گے۔حکومت کو بھی چاہیے کہ اساتذہ کو معاشی فکر سے آزاد کرنے اور ان کے وقار میں اضافہ کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کرے۔اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسا تذہ میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے ۔

Shares: