جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہودی لابی نے جس ( عمران خان ) ایجنٹ کو پاکستان بھیجا تھا اس کو شکست دے دی اب اسرائیل کو بھی شکست دیں گے اور فلسطین کی آزادی تک جنگ جاری رہےگی ، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعیت علمائے اسلام نے کوئٹہ میں طوفان اقصیٰ کانفرنس کا انعقاد کیا جس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، آزادی کی جنگ میں فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، جنگ میں برابر کے شریک ہونے کا اعلان کرتے ہیں، ہم اپنے مجاہدین کے ساتھ جنگ کیلئے تیار ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج واضح نظریاتی تقسیم ہے، جنہیں تم دہشت گرد کہتے ہو ہم انہیں مجاہدین کہتے ہیں، امریکا اب سپر پاور نہیں رہا، اپنے حکمرانوں سے کہتا ہوں امریکا کی غلامی چھوڑ دو، آج پھر بزدلی کا مظاہرہ کیا توعوام آپ کے مقابلےمیں کھڑے ہوں گے واضح رہے کہ سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ حکمران غیرت کا مظاہرہ کریں، یہودی لابی نے جس ایجنٹ کو پاکستان بھیجا اس کو شکست دے دی، اسرائیل کو بھی شکست دیں گے، آج وہ ایجنٹ مکافات عمل کا شکار ہے جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کھل کر اسرائیل کی حمایت کررہا ہے، ہمارے حکمرانوں میں ہمت ہی نہیں ہے، محلوں میں عیش و عشرت کرنے والےعوام کے نمائندے نہیں۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کیا دنیا کو فلسطین میں ہونے والے مظالم ںظر نہیں آرہے، ہم نے پاکستان کو بھی غلامی سے نکالنا ہے، ہم نے پاکستان انگریزوں کی غلامی کیلئے حاصل نہیں کیا تھا، ہمارے بزرگ انگریزوں کےخلاف لڑے ہیں اور اسمبلیاں جے یو آئی کی کمزوری نہیں ہے، اسمبلیوں میں رہیں نہ رہیں ، سڑکوں پر رہیں گے، ہم نے اپنے جذبے کو زندہ رکھنا ہے، اوآئی سی کا اجلاس بلایا جائے اور متفقہ مؤقف لیا جائے، ہم اپنے مؤقف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

Shares: