یمن میں ذرائع نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ آئینی حکومت کی فوج ابین صوبے کے صدر مقام زنجبار میں داخل ہونے کے بعد اب عدن کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے۔
ذرائع نے اس امر کی بھی تصدیق کی ہے کہ سرکاری فورسز عدن کے مشرق میں واقع وادی دوفس پہنچ چکی ہیں اور جنوبی عبوری کونسل کی فورسز نے وہاں سے انخلا شروع کر دیا ہے۔
اس دوران حکومت نے عبوری کونسل کی فورسز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عدن کو سرکاری فوج کے حوالے کر دیں۔
ادھر یمنی وزیر اطلاعات نے زنجبار پر سرکاری فوج کے کنٹرول کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زنجبار شہر واپس لینے کے بعد قومی فوجی اور سیکورٹی ادارے ابین صوبے کے تمام ضلعوں پر اپنا کنٹرول مکمل کر رہے ہیں۔ اپنی سلسلے وار ٹویٹس میں یمنی وزیر نے کہا کہ ابین صوبے کے صدر مقام زنجبار کو واپس لیے جانے پر عوام نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا اور سرکاری فوج کا گرم جوشی کے ساتھ استقبال کیا۔