اپوزیشن والے چاہتے کہ ان کو این آر او دے دیں، چاہے ملک گرے لسٹ میں چلا جائے، مراد سعید

باغی ٹی وی :مراد سعید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو این آر او نہیں ملے گا، زرداری کے جے آئی ٹی کیس کو استثنیٰ نہیں دیں گے، یہ پارلیمنٹ کو نواز شریف، شہباز شریف اور حواریوں کے کرپشن کا دفاع کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں، یہ چاہتے ہیں انہیں این آر او دے دیں، چاہے ملک گرے لسٹ میں چلا جائے۔

وزیر مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا شاہ محمود وضاحت دینا چاہتے ہیں، ان میں سننے کی ہمت نہیں، ترامیم پیش کرنے والے سارے کے سارے نیب زدہ ہیں، شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کی اور چوری کا پیسہ باہر بھجوایا، ان کے ڈاکے کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں آیا، یہ چاہتے ہیں ان کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں این آر او مل جائے۔

مراد سعید کا کہنا تھا اپوزیشن اراکین میں ہماری بات سننے کی ہمت نہیں، اپوزیشن اراکین چاہتے ہیں چوروں کو معاف کیا جائے، فرزند زرداری نے شوگر مافیا کی بات کی، شوگر مافیا میں آصف زرداری کا نام ہے، این آر او پلس نہیں ملے گا، ان کا احتساب ہوگا،
اس سے قبل خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا نیب قوانین ڈرافٹ سے ان کی نیتیں پتہ چلتی ہیں، وزیر خارجہ لوگوں سے 5، 5 ہزار روپے کی گڈیاں پکڑتے ہیں، بعض لوگ سیاسی ورکر کے نام پر دھبہ اور توہین ہیں، وزیر خارجہ کل تقریر نہ کرتے تو ہمیں جواب نہ دینا پڑتا، رانا ثنا اللہ پر 20 کلو منشیات ڈال دی گئی، یہ روایت بند کرنا چاہتے ہیں۔

لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا تاریخ بتاتی ہے جنہوں نے غلط قوانین بنائے وہ خود اس کا نشانہ بنے، ہم بھگت رہے ہیں، عزت وقار کیساتھ مزید بھگت لیں گے، ہم تو صرف ترامیم مانگ رہے ہیں، انہوں نے احتساب کمیشن بند کر دیا، خیبرپختونخوا میں کوئی بد دیانت نہیں، سب ایماندار ہیں، ان کی صفوں میں مہا کرپٹ لوگ ہیں جن کی مثال نہیں ملتی، کسی کو بی آر ٹی، مالم جبہ اور کسی کو بلین ٹری میں استثنیٰ دیا ہوا ہے

Shares: