سال 2020 میں دنیا سے رخصت ہونے والے پاکستانی فنکار

0
37

رواں سال پاکستان شوبزانڈسٹری کے کئی ستارے اپنے مداحوں کو ہمیشہ کے لئے چھوڑ گئے لیکن یہ عظیم فنکار اپنی خدمات اور فنی صلاحیتوں کی بناء پر ہمیشہ چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

باغی ٹی وی:معروف کامیڈین، اداکار، اسٹیج اور ٹی وی کا بڑا نام امان ﷲ طویل علالت کے بعد 6 مارچ 2020 کو انتقال کر گئے تھے امان اللہ نے پاکستانی تھیٹراورخصوصاً مزاح کے شعبے کو اس مقام پر پہنچایا کہ اس کی کہیں مثال نہیں ملتی نہ صرف ان کی حس مزاح کو پاکستان بلکہ بھارت میں بھی کافی پسند کیا جاتا تھا بہت سے مزاحیہ فنکار ان کے جملے دہرا کراسٹار بنے مزاح کے شعبہ کی تاریخ اب ان کے بنا ادھوری ہے۔

رواں سال مئی میں پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 کراچی ایئرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی تھی جس میں 91 مسافر اور عملے کے8 ارکان سوار تھے۔ اس پرواز میں جاں بحق ہونے والوں میں پاکستان فیشن انڈسٹری کی ماڈل زارا عابد بھی شامل تھیں-

پاکستان فلم انڈسٹری کا بڑا نام اداکارہ صبیحہ خانم امریکا میں دل کا دورہ پڑنے سے 13 جون کو امریکی ریاست ورجینیا میں انتقال ہوگیا تھا صبیحہ خانم نے فلمی کیریئر کا آغاز 1950 میں فلم بیلی سے کیا 1954 میں فلم گمنام سے وہ بے پناہ مشہور ہوئیں اور پھر 1956 میں انہوں نے فلم دُلا بھٹی میں نوراں کا کردار ادا کیا جس نے شائقین کے دلوں کو جیت لیا صبیحہ خانم نے اپنی بے مثل اداکاری کے ایسے نقوش چھوڑے کہ فلم بین اسے بھلا نہ سکے۔

معروف اداکار، کمپئیر، ادیب اور شاعر طارق عزیز بھی رواں سال جون میں اس جہان فانی کو ہمیشہ کے لئے چھوڑ گئے انہوں نے نومبر 1964 میں لاہور سے پی ٹی وی کی نشریات کا آغاز کیا تھا پاکستان میں ٹی وی کی شروعات ہوئی تواسکرین پرپہلا چہرہ اورآوازطارق عزیز کی سنائی دی کیونکہ انہیں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی ) کے پہلے اینکر ہونے کا اعزاز حاصل ہے-

طارق کا انداز لوگوں کو ایسا بھایا کہ زندگی کے آخری دم تک لوگوں کو اپنا گرویدہ بنائے رکھا انہوں نے کئی فلموں میں اداکاری بھی کی اور 1997 سے 1999 تک رکن قومی اسمبلی بھی رہے۔

فلم ہیر رانجھا سمیت 170 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی نامور اداکارہ فردوس بیگم 16 دسمبر کو انتقال کر گئیں تھیں۔ مرحومہ نے فلم ملنگی، ہیر رانجھا، انسانیت سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کی تھی۔

فردوس بیگم نے فنی سفر1963ء میں فلم فانوس سے کیا۔ 1965 میں ریلیزہونے والی ملنگی کامیاب ہوئی۔ فلم اسٹار اکمل کے ساتھ جوڑی ہٹ ہوئی تو دونوں نے شادی کرلی۔ اکمل نے گلبرگ کے علاقے میں مارکیٹ خرید کراس کا نام فردوس مارکیٹ رکھا جوآج بھی بہت مقبول ہے۔

1970ء میں فلم ہیر رانجھا نے فردوس کو سپراسٹار بنا دیا۔ ہیررانجھا میں فردوس کی اداکاری، ڈائیلاگ ڈلیوری اوررقص کو بہت سراہا گیا۔ فردوس کی جوڑی اکمل ، سدھیر، یوسف خان اوراعجاز درانی کے ساتھ مقبول رہی۔

 

Leave a reply