یوم دفاع دشمن کے خلاف پاکستان کے ایک ہونے کا دن ہے ، شہباز شریف
یوم دفاع دشمن کے خلاف پاکستان کے ایک ہونے کا دن ہے ، شہباز شریف
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کا اتحاد دشمن کا ہر ناپاک منصوبہ ناکام بنا سکتا ہے۔
قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر شہباز شریف نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ یوم دفاع دشمن کے خلاف پاکستان کے ایک ہونے کا دن ہے اور یہ دن پیغام ہے کہ پاکستان کی طرف بڑھتا ہوا ہر قدم اور ہر ہاتھ کاٹ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہدا، غازیوں اور غیور و بہادر پاکستانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جبکہ مادر وطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کے لیے شہدا کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم جنگ ستمبر کے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے اور آج کے دن کا پیغام ہے کہ پاکستانی قوم کا اتحاد دشمن کا ہر ناپاک منصوبہ ناکام بنا سکتا ہے۔
1965 کی جنگ میں ہماری بری، بحری اور فضائی افواج نے مثالی جراتمندی کا مظاہرہ کیا، صدر مملکت
انہوں نے کہا کہ قوم بری فوج، بحریہ اور پاک فضائیہ کو سلام پیش کرتی ہے جبکہ قوم کو اپنی مسلح افواج پر ناز ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ آج کے دن کا تقاضا ہے ہم پاکستان کو معاشی طور پر طاقتور، توانا اور خوشحال بنائیں۔ پاکستان کو معاشی اور اقتصادی طور پر طاقتور بنانا دفاع پاکستان کا ایک لازمی تقاضا ہے۔
یوم دفاع پاکستان پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں یادگار شہدا پر تقریب ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی یادگار شہدا پر یوم دفاع کی تقریب ہوئی۔ نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، تقریب کے آخر میں نیول چیف نے شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات بھی کی۔ قبل ازیں سربراہ پاک بحریہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ یہ دن ہمیں پاکستانی قوم اور افواج کے غیر متزلزل عزم اور بہادری کی یاد اور شہداء و غازیوں کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کا غماز ہے جو دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا