پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے یوم عاشورہ 10 محرم الحرام کے موقع پر شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں رات گئے موسلا دھار بارش ہوئی، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کا امکان بھی ظاہر کیا ہےمحکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 10 جولائی تک پنجاب ، خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور پوٹھوہار ریجن میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، 6 سے 8 جولائی کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔اس سسٹم سے کراچی سمیت سندھ میں بارش کا امکان نہیں ہے ،کے پی اور گلگت بلتستان میں گلیشیئرز پگھلنے سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں سیلاب کا خدشہ ہے ۔
این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں بارش، آندھی، طوفان اور سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے ،پنجاب اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہےنوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے،این ڈی ایم اے نے عوامی سے اپیل کی ہے کہ کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز سے دور رہیں۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع، بالخصوص راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا اور فیصل آباد میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی ہے،ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام اضلاع کو بروقت اور مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے تحت تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔
ڈی جی کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران موسمی صورتحال کے پیش نظر خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں 24 گھنٹے عملے کی دستیابی یقینی بنائی جائے، جبکہ واسا اور دیگر محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نشیبی علاقوں میں اضافی عملہ اور وسائل تعینات کیے جائیں، جبکہ نکاسی آب کے راستوں سے تمام رکاوٹیں ہٹا کر پانی کے بہاؤ کو یقینی بنایا جائے،ریسکیو 1122 کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ریسکیو و ریلیف ٹیموں کو ضروری آلات کے ساتھ پیشگی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہےہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔