گلوکار ذیشان روکھڑی نے معروف شاعر سرفراز صفی کی غزل بغیر اجازت اپنی آواز میں ریکارڈ کرکے وڈیو یو ٹیوب پر اپ لوڈ کردی . سرفراز صفی نے گلوکار کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سرفراز صفی کہتے ہیں کہ میری پنجابی غزلوں کی کتاب ” چیتر ” 2018 ء میں ادارہ سلیکھ نے شائع کی ، قدرت مہربان ہوئی اور میری کتاب دھڑا دھڑ بکتی چلی گئی ، ساتھ ہی اسے پنجابی ادب کا بڑا ایوارڈ مسعود کھدر پوش بھی نصیب ہوا ، ویسے تو میرے بے شمار اشعار اور غزلیں نظمیں زبان زدِ عام ہیں لیکن بعض اشعار باقاعدہ ضرب الامثال بن گئے.

حد یہ ہوئی کہ شفاء اللہ روکھڑی مرحوم کے بیٹے ذیشان روکھڑی نے مجھ سے اجازت لیے بغیر میرے اس شعر کا ایک آدھ لفظ بدل کر گیت بنا لیا اور دوبئی میں شوٹ کرکے ریلیز کر دیا ، تقریباً گیارہ دن پہلے یہ گیت یوٹیوب پر ریلیز ہوا اور اب تک اسے تیرہ لاکھ کے قریب لوگ دیکھ چکے ہیں ، خود ہی اندازہ لگا لیجئے کہ گیارہ دنوں میں صرف یوٹیوب پر اس گیت نے کتنی کمائی کر لی اور آئندہ دنوں مہینوں سالوں میں کتنا کمائے گا ۔” مجھے حیرت اس بات پر ہو رہی ہے کہ اتنے بڑے انسان کا بیٹا چور ہو گا ؟”
کیا ہم ادبی اخلاقیات بالکل ہی بھول گئے ہیں ۔میری ملک بھر کے شعراء کرام سے بھی گزارش ہے کہ اس مقدمہ میں میرے ساتھ کھڑے ہوں ورنہ ہماری غزلیں ، نظمیں ، گیت اور اشعار لاوارث ہو جائیں گے اور جس کا جب جی چاہے گا انہیں اٹھا کر کاپی رائٹ کی پرواہ کیے بغیر جہاں مرضی توڑ موڑ کر گاتا پھرے گا ۔

میں خواتین کے ساتھ تُو تڑاک نہیں‌کرتا شاہ رخ خان

والد کی فلموں کے لئے میں‌موزوں نہیں ہوں عاشر وجاہت

میرا نے اپنے بھائی کےلئے دعائوں کی اپیل کر دی

Shares: