ژوب: قومی پرچم جلانے والے دو ملزمان گرفتار
ژوب (باغی ٹی وی رپورٹ): ژوب میں قومی پرچم جلانے کے سنگین جرم میں ملوث دو ملزمان اسد خان شیرانی اور امین شاہ حریفال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق، ملزمان نے گذشتہ رات ایک موٹر سائیکل پر لگی قومی پرچم کو آگ لگائی اور اس کی ویڈیو بھی بنائی۔ سٹی پولیس تھانہ کی گشت پر مامور ٹیم نے ملزمان کو فرار ہوتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے قومی پرچم کی بے حرمتی کرکے عوام میں خوف و ہراس پھیلا کر قانون و نظم کو بگاڑنے کی کوشش کی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے موٹر سائیکل اور موبائل فون بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی تھانہ میں ایڈیشنل ایس ایچ او سٹی پولیس تھانہ اختر گل کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی کے مختلف دفعات 34-123-B ت پ 7/ATAکے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔