ضلع وسطی بازی لے گیا، ہیموفیلیا مریضوں کی ویکسی نیشن بھی شروع

0
100

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او)سینٹرل نے سندھ بھر میں سبقت لیتے ہوئے خون کی بیماری ہیموفیلیا کے مریضوں کی کورونا سے بچاو کی ویکسی نیشن ہیموفیلیا ویلفیئر سوسائٹی کراچی کے تعاون سے شروع کرا دی۔ ویکسی نیشن کا عمل ناظم آباد نمبر چار میں واقع ہیموفیلیا ویلفیئر سوسائٹی کراچی کے سینٹر پر پیر سے شروع کر دیا گیا ہے۔
سینٹر کا افتتاح مہمان خصوصی ڈی ایچ او آفس سینٹرل کی فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر حرا ظہیر، سیکریٹری سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر درناز، سینئر صحافی اینکرپرسن میٹرو ون نیوز اختر شاہین رند، سوسائٹی کے بانی و صدر راحیل احمد نے کیا۔ اس موقع پر سوسائٹی کے عہدیداران فخر عالم زیدی، انیس الرحمان، محمد شاہد، ڈاکٹر منیرہ برہانی، رانا اصغر علی، ڈائریکٹر سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر ثاقب، ڈاکٹر درشہوار و دیگر بھی موجود تھے۔
افتتاح کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے صدر راحیل احمد نے بتایا کہ ہیموفیلیا کے مریض کورونا سے بچاو کی ویکسین سے محروم تھے۔ میڈیا پر بھی اس پریشانی کو اجاگر کیا گیا۔ کورونا یا کوئی بھی انٹرامسکولر انجکشن لگنے سے پہلے ہیموفیلیا کے مریضوں کو اینٹی ہیموفیلیا لگنا ضروری ہوتا ہے ورنہ متاثرہ جگہ سے اندرونی طور پر خون کا رساو شروع ہو جاتا ہے۔
ہیموفیلیا کے مریضوں کو ویکسی نیشن سینٹرز میں زیادہ دیر انتظار کرنے کی وجہ سے جوڑوں میں اندرونی خون رسنے کی شکایات ہو رہی تھیں۔ بلیڈنگ کے خوف سے مریض ویکسی نیشن کے لیے نہیں جارہے تھے تاہم اب یہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہیموفیلیا ویلفیئر سوسائٹی وہ واحد ادارہ ہے جو اپنے مریضوں کو بنیادی ضروریات اور سہولتیں فراہم کرنے میں سب سے آگے ہے۔
راحیل احمد نے ڈی ایچ او سینٹرل ڈاکٹر مظفر اوڈھو، فوکل پرسن ڈاکٹر حرا ظہیر، محکمہ صحت سندھ اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے ویکسی نیشن کا یہ عمل ممکن ہوا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر حرا ظہیر نے ہیموفیلیا ویلفیئر سوسائٹی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ڈی ایچ او سینٹرل کی ٹیم کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ لوگ کورونا سے خوفزدہ نہ ہوں، احتیاط جاری رکھیں اور ویکسی نیشن ضرور کرائیں۔ سینئر صحافی اینکرپرسن میٹرو ون نیوز اختر شاہین رند نے کہا کہ میڈیا اسی طرح اپنا مثبت کردار ادا کر کے لوگوں کے مسائل مزید بہتر طور پر حل کرا سکتا ہے۔ سیکریٹری ایس بی ٹی اے ڈاکٹر درناز نے بتایا کہ محکمہ صحت صوبے میں ہیموفیلیا سمیت مختلف بیماریوں سے متاثرہ افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے ہیموفیلیا ویلفیئر سوسائٹی کی خدمات کو بھی سراہا۔

Leave a reply