امید بہت قیمتی چیز ہے۔ امید ایک لفظ نہیں، یہ زندگی ہے۔
ہمیں بحیثیت مسلمان کبھی بھی ناامید اور مایوس نہیں ہونا چاہیے، مایوسی اور ناامیدی کو کفر کہا گیا ہے۔ ہمارا اللّٰہ ہمیں کبھی بھی چھوڑنے والا نہیں ہے، قرآن مجید میں ارشاد ہے: لَا تَقْنَطُوْا مِنْ رَّحْمَةِ اللّٰهِؕ۔ ترجمہ” اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا”
لیکن بعض اوقات ہم خود سے، اپنی زندگی سے، ہر چیز سے بہت زیادہ نا امید ہو جاتے ہیں۔ انسانی زندگی خوشیوں اور غموں کا امتزاج ہے، لیکن ہمیں لگتا ہے کہ ہماری زندگی میں ہمارے لیے کوئی خوشی نہیں ہے، ہم مایوسی کا شکار بن جاتے ہیں۔ ہم زندگی میں جو کچھ کرنا چاہتے ہیں، نہیں کر پاتے، اپنی خواہشوں اور خوابوں کی چاہ کر بھی تکمیل نہیں کر پاتے۔ کچھ بھی ہماری امیدوں، توقعات اور خواہشات، کے مطابق نہیں ہوتا۔ ہماری زندگی سے ہر امید ختم ہو جاتی ہے۔ لگتا ہے سب کچھ ختم ہو گیا ہے، ایسے حالات میں ہم بہت تھک جاتے ہیں۔ ناامیدی کی زندگی بہت مشکل ہوتی ہے، ایسی زندگی جس میں روشنی نہ ہو، بلکہ دن بدن نا امیدی اپنی جڑیں آپ کے اندر گاڑ کر کھوکھلا کرتی رہے۔ ایسا وقت اور زندگی بہت تکلیف دہ ہوتی ہے۔ اور جب زندگی میں کوئی امید نہ ہو تو لوگ زندگی کو ختم کر لیتے ہیں۔

ناامیدی شکست ہے، شکست قبول کرنے کے مترادف ہے۔ نا امیدی آپ کو اکساتی ہے کہ آپ ناکام ہیں، ہار مان لیں، پسپائی اختیار کر لیں اور ہتھیار ڈال دیں۔ ناامیدی آپ کی صلاحیتوں کو ختم کر دیتی ہے، آپ کی زندگی کے ساتھ ساتھ شخصیت کے تمام روشن پہلو تاریک کر دیتی ہے۔ ناامیدی ہمیں کبھی بھی آگے نہیں بڑھنے دیتی، یہ جیتے جی موت کی علامت ہے، جو زندگی کی ساری توانائیاں ختم کر دیتی ہے اور آپ کو رفتہ رفتہ موت کا احساس دلاتی رہتی ہے۔ یہ کیفیات بہت برے نتائج لاتی ہیں۔

اصل میں یہی آپ کی شخصیت اور قابلیت کا امتحان ہے۔ ایسے وقت میں ہی آپ خود کو پہچانتے ہیں، اپنی خوبیوں اور صلاحیتوں کا ادراک کرتے ہیں۔ ایسے حالات میں اپنے اندر امید کو زندہ رکھنا اور خود کو تھکنے نہ دینا، ہی جوان مردی ہے۔ کبھی بھی مستقل نا امیدی کو اپنی زندگی میں جگہ نہ دیں۔ خود کو مثبت توانائی کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے بیدار کریں۔کبھی ناامیدی کے اندھیروں کو خود کو نہ نگلنے دیں۔ اگر آپ ناامیدی کا شکار ہوں گے تو آپ کبھی بھی کچھ نہیں کر سکیں گے۔ آپ اپنے خواب اور خواہشوں سے ہاتھ دھو بیٹھے گے۔ کبھی آگے نہیں بڑھ سکیں گے، کسی لغزش کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔ ناامیدی آپ کی ناکامیوں کو وجہ بنا کر آپ کو پست کرے گی، لیکن امید ہی وہ راہبر ہے، جو آپ کو کامیابیوں کی طرف لے کر جائے گی۔

اگر آپ اپنی خواہشات اور توقعات کی زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو آپ کو امید اور محنت کو اپنا دوست بنانا ہو گا۔ اور ایک عزم کے ساتھ خوابوں کی تکمیل کے لیے تگ و دو کرنی ہو گی۔ امید کی بدولت ہی آپ زندگی میں بہت کچھ حاصل کر سکتے ہیں۔ امید کی کرن کو ہمیشہ اپنے اندر زندہ رکھیں گے، تو یہ ہمیشہ آپ کی زندگی میں اجالے کرتی رہے گی۔ اگر حالات ناسازگار ہیں تو وہ بدل سکتے ہیں۔ امید اور یقین کا چراغ جلاتے رہیں کہ ایک دن نیا سورج طلوع ہو گا، کامیابیوں اور کامرانیوں کی نوید دیتا آفتاب، جو مایوسیوں کے بادل کو اپنی روشن کرنوں سے دور کر دے گا۔ اگر آپ پرامید ریہں گے تو امید آپ کو راستے دکھائے گی۔ راستوں پر بے خطر چلنا سکھائے گی، منزل تک لے جائے گی۔ امید ایمان ہے، آپ کے پاس امید کی طاقت ہو گی تو آپ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔

‎@FarooqZPTI

Shares: