سڈنی: اداکارہ و ماڈل صبا قمر نے حال ہی میں تصدیق کی کہ وہ عظیم خان نامی بلاگر سے شادی کرنے والی ہیں۔
باغی ٹی وی : حال ہی میں اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر صبا قمر نے تصدیق کی تھی کہ وہ عظیم خان نامی بلاگر سے شادی کرنے والی ہیں ہمسفر کے انتخاب اور شادی سے متعلق کیے گئے اعلان پر جہاں صبا قمر کے مداحوں کی جانب سے ان کے اور ان کے ہونے والے شوہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا وہیں دوسری طرف اداکارہ کی ایک مداح نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے ان کے ہونے والے شوہر عظیم خان پر زیادتی اور قتل کی دھمکیوں کے الزامات عائد کردیے۔
خود پر لگے الزامات پر عظیم خان کا رد عمل بھی سامنے آگیا ہے ن الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے عظیم خان نے گزشتہ روز اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا تھا۔
اپنے ویڈیو بیان میں عظیم خان نے خود پر تنقید کرنے والوں کو برساتی کیڑوں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی موجودگی کے باوجود بغیر کسی ثبوت کے سوشل میڈیا پر تماشا لگانے کی کیا ضرورت ہے؟
عظیم خان کا کہنا تھا کہ بغیر کسی ثبوت کے آپ دو ٹکے کی شہرت کے لیےکسی کی آنے والے کی زندگی برباد کرسکتے ہیں؟ جب کہ ہماری نیت یہ ہے کہ ہم نکاح کرکے اپنی زندگی گزاریں آپ کو یہ سب کرکے کیا فائدہ ہوگا؟
عظیم خان نے کہا کہ صبا کے گزرے ہوئے کل میں جو بھی تھا مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا نہ ہی صبا کو اس بات سے فرق پڑتا ہے کہ میرے گزرے ہوئے کل میں کیا تھا، ہم ایک دوسرے کے آج اور مستقبل میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ الزامات لگانے والوں کے لیے یہ میرا آخری جواب ہے اب میرے خلاف رپورٹ کرواؤ اور وہ رپورٹ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرو، تب میں آپ کی بات کا جواب دوں گا، آج کے بعد میں آپ کے کسی بھی الزام کا جواب اس وقت تک نہیں دوں گا جب تک آپ باقاعدہ اور منظم طریقے سے مجھ سے بات نہیں کرتے۔
دوسری جانب پاکستانی انٹرنیٹ اور شوبز انڈسٹری پر نئی جوڑی بن کر اُبھرنے والی صبا قمر اور عظیم خان کی جانب سے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار نئی معنی خیز پوسٹس کا سلسلہ بھی جاری ہے جنہیں مداحوں و فالوورز کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے اور ان دونوں کو سوشل میڈیا پر کافی توجہ بھی دی جا رہی ہے۔
صبا قمر اور عظیم خان کی جانب سے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ کی اسٹوریز پر مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی گئی ہے عظیم خان نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ ’اس وقت ہمیں صرف آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے، بہتری کی امید کرنی چاہیے جبکہ عظیم خان کی جانب سے آسٹریلیا سے جَلد پاکستان آنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
دوسری جانب صبا قمر نے اپنی اسٹوری میں لکھا ہے کہ ’انہوں نے سب کچھ اللّٰہ کے سپرد کر دیا ہے، ہم سب صرف دعا کر سکتے ہیں-
واضح رہے کہ صبا قمر نے گزشتہ دنوں ہی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ بہت جلد عظیم خان کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی ہیں۔