احساس کفالت پروگرام میں بڑے فراڈ کا انکشاف،خواتین امدادی رقم سے محروم
مظفرگڑھ میں احساس کفالت سنٹرز پر خواتین سے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے،،خواتین کی بائیو میٹرک تصدیق کرکے مکمل رقم خردبرد کرنے کی شکایات سامنے آنے لگیں،لٹنے والی مستحق خواتین اپنی رقم کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے لگیں.مظفرگڑھ میں احساس کفالت سنٹرز پر تعینات عملہ مستحق خواتین سے فراڈ کرنے لگا،ضلع میں قائم بیشتر سنٹرز میں کئی مستحق خواتین کی بائیو میٹرک تصدیق کرنے کے بعد بھی 12 ہزار روپے نہ دئیے گئے،شہر میں قائم گورنمنٹ گرلز ہائی ونارمل سکول میں رقم سے محروم ہونے والی کئی خواتین اپنے حق کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھارہی ہیں.متاثرہ خاتون حسینہ مائی کیمطابق بائیو میٹرک تصدیق کرکے کہا گیا کہ 2 روز بعد پیسے لے جانا.اب معلوم ہوا کہ میرے 12 ہزار روپے نکلوالیے گئے ہیں.حسینہ مائی کا کہنا ہے کہ گھروں میں کام کرکے گزارہ کرتی ہوں،میرے پیسے دلوائے جائیں.دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کیمطابق خواتین سے کٹوتیوں اور فراڈ کے حوالے سے شکایات موصول ہورہی ہیں،متاثرہ خواتین خواتین سنٹرز پر تعینات پولیس اہلکاروں اور عملے کو موقع پر شکایات درج کرائیں.