راولپنڈی۔ (اے پی پی) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پنجاب کی جیلوں میں تعلیم بالغاں کی سو فیصد سہولیات بہم پہنچا کر ناخواندہ قیدیوں کو خواندہ بنانا اور تعلیم کے ذریعے ان کی اصلاح کرنا حکومت پنجاب کا مشن ہے جس پر پوری محنت، ایمانداری اور تندہی کے ساتھ کام ہو رہا ہے۔تحریک انصاف کی حکومت قومی ترقی کی راہ میں بچھے کانٹوں کو ایک ایک کرکے چن رہی ہے اور جو لوگ قوم کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے وہ اب بھی غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر ہمارے راستے میں مزید کانٹے بچھانے میں مصروف ہیں تاہم ہمارا عزم اور حوصلہ پختہ ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ساہیوال جیل میں تعلیم بالغاں مرکز کا افتتاح اور بعد ازاں قیدیوں میں کتابیں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم 2030 ء تک شرح خواندگی کو سو فیصد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے جیل کا دورہ بھی کیا اور قیدیوں سے ان کے مسائل سن کر انہیں حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہو ں نے ناخواندہ قیدیوں سے کہا کہ وہ تعلیم بالغاں مرکز میں پوری محنت کے ساتھ لکھنا پڑھنا سیکھیں۔

جیلوں میں تعلیم بالغاں کی سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کا مشن ہے
Shares: