رمضان بازار لگانے کا مقصد عوام کو اس بابرکت مہینے میں ریلیف فراہم کرنا ہے،ڈپٹی کمشنر
حافظ آباد(نمائندہ باغی ٹی وی)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نوید شہزاد مرزا نے سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کے جائزہ کے سلسلہ میں رمضان بازار کا دورہ کیا اور وہاں پر عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور اشیاء خوردونوش کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر عباس زوالقر نین بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار میں چینی،آٹا،سبزیوں اور فروٹ کے سٹالز کا دورہ کیا اور وہاں پر دستیاب چیزوں کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے آٹا اور چینی کے بیگز کا وزن بھی چیک کیا اور عوام سے چیزوں کی فراہمی بارے گفتگو بھی کی اس موقعہ پر رمضان بازار آنے والے خریداروں نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ رمضان بازار میں عام مارکیٹ کی نسبت چیزیں سستی اور معیاری بھی ہیں اور بالخصوص چینی،آٹا،آلو،پیاز،ٹماٹر،لیموں اور فروٹ عام مارکیٹ کی نسبت انتہائی سستے داموں دستیاب ہے۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان بازار لگانے کا مقصد بھی عوام کو اس بابرکت مہینے میں ریلیف فراہم کرنا ہے اور ضلعی انتطامیہ بھی اس ضمن میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہیں انکا کہنا تھا کہ ضلع بھر کے چاروں رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش وافر مقدار میں دستیاب ہیں اور عوام کی ایک بڑی تعداد یہاں سے خریداری بھی کر رہی ہے جو مقامی انتظامیہ اور انکی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر ااطمینان کا اظہار بھی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے لگائے جاانے والی فیئر پرائس شاپس کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر سبزیوں،فروٹ،بیسن،چاول اور دیگر اشیاء کی کوالٹی کا جائزہ لیتے ہوئے رمضان بازار کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ چیزوں کی کوالٹی کو ہر لحاظ سے بہتر ہونا چاہیے اور رمضان بازار کے تمام اسٹالز پر چیزوں کی دستیابی بھی وافر مقدار ہو تاکہ خریداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔