ساڑھے 3سالوں کی کارکردگی گزشتہ کئی ادوار پر بھاری ہے، راجہ فاروق حیدر

0
63

اسلام آباد: وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ساڑھے 3سالوں کی کارکردگی گزشتہ کئی ادوار پر بھاری ہے۔ دس ارب کا ترقیاتی بجٹ آج 24ارب روپے تک پہنچا۔26سالوں کے بعد(NCF) وفاقی محصولات میں آزادکشمیر کا حصہ بڑھایا گیا اور ہم آج اپنے انتظامی بجٹ میں مکمل طور پر خود کفیل ہیں۔تیرہویں آئینی ترمیم کے ذریعے 44سالوں بعد آزادکشمیر کے عبوری آئین میں عوامی مطالبہ پر بنیادی تبدیلیاں لائی گئیں۔ بارہویں ترمیم کے ذریعے ختم نبوت کو آئین کا باضابطہ حصہ بنایا۔میاں نواز شریف کے احسانا ت کو کبھی بھلا نہیں سکتے۔انہوں نے آزادکشمیر کے دیرینہ اور حل طلب مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ان کے بعد شاہد خاقان عباسی نے ان کے مشن کو آگے بڑھایا۔ شعیب عابد کو مبارکباد پیش کر تا ہوں امید ہے کہ وہ اپنا انتخاب درست ثابت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق امیدوار اسمبلی اور مرکزی رہنما ن لیگ شعیب عابد کی بطور وائس چیئرمین لوکل گورنمنٹ بورڈ آزادکشمیر مقرر ہونے پر لیگی کارکنا ن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی خان، وزیر قانون سردار فاروق احمد طاہر، ڈائریکٹر جنرل سیاسی امور ملک ذالفقار، ضلعی صدور، سٹی صدور، ایڈمنسٹریٹر ز، چیئرمین ترقیاتی ادار ہ جات و لیگی کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لیگی کارکنان نے تقریب میں آمد پر وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان، وزرائئ اور شعیب عابد کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر بھرپور نعرے بازی کی گئی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں لیگی کارکنان فکری لام بندی کریں۔ تحریک آزاد ی کشمیرکے ساتھ اپنی وابستگی مضبوط کریں۔آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں عوام اور تارکین وطن کو رائے شماری کے نقطہ پر اکھٹا ہونا پڑے گا۔ نظریاتی محاذ پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کشمیری پاکستان اور ہندوستان کو قطعی طور پر ایک جیسا نہیں دیکھتے۔پاکستان ہمارا محسن ہے، پاکستان نے ہمیشہ ہماری مدد کی،ہمارے ساتھ تعاون کیا۔ہندوستان جارح ہے پاکستان ہمارا مددگار ہے۔ 22کروڑ عوام نے ہمیشہ ہماری غیر مشروط حمایت کی اور ہمارے ساتھ کھڑی رہی ہمارا دنیا میں ان کے علاوہ کوئی اس طرح کا ہمدرد ہے نہ وکیل۔ پاکستان کے آئین میں یہ لکھا ہے کہ ہم جب اس میں شامل ہونگے تو طریقہ کار بھی ہم طے کریں گے۔ پاکستان کے ساتھ ہمارا رشتہ ناقابل تسخیر ہے۔لیگی کارکنان ان معاملات پر توجہ دیں۔ا ٓئندہ ڈیڑھ سال ڈٹ کر عوام کی خدمت کریں گے۔ ہفتے میں 1دن کارکنان کے لیے رکھا ہے۔ تمام ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے کارکنان کو الگ الگ بلاؤں گا۔ اپنے منشور کے مطابق ہم نے بہت کام کر لیا کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائیں گے۔ میر ی خواہش ہے کہ آئندہ الیکشن کے بعد جماعتی صدارت کسی اور کے سپرد کر دوں۔ یہ اقتدار اور اختیار کسی کی ملکیت نہیں ہوتی۔ یہ آنے جانے والی چیز یں ہیں۔ اصل حکمرانی دل کی ہے۔ خواہش ہے کہ لوگوں کو سہولیات دیں آج آزادکشمیر میں 3سالوں میں تعلیم، صحت، انفراسٹکچر کے شعبہ میں تبدیلی نظر آرہی ہے۔ لوگوں کو ان کا حق مل رہا ہے۔ اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی 5مزید آسامیاں بڑھائیں۔ہر ضلع میں فیملی کورٹس میں NTSکے ذریعے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کرائی گئیں۔ میرے بس میں ہوتا تو اکتوبر 2016کو بلدیاتی انتخابات کروا دیتا اس بات کا افسوس رہیگا۔ پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا کہ نئی حلقہ بندیاں کی جائیں اس فیصلہ پر آج بھی قائم ہوں۔ بلدیاتی ادارہ جات،میونسپل کارپوریشنز،کمیٹیزکو فنڈز کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ جماعتی کارکنان ہمارا اثاثہ ہیں ان سے رابطہ مضبوط تھا،ہے اور رہیگا۔میں نے کسی ایم ایل اے سے ایک روپیہ اضافی نہیں لیا۔

Leave a reply