کوئٹہ چیف کنزرویٹر محکمہ فاریسٹ عبدالجبار نے کہا ہے کہ باشعور اقوام اپنے ماحول کو صاف ستھرا اور صحت مند رکھنے کیلئے اجتماعی و انفرادی طور پر اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ہر لمحہ تیار رہتی ہیں یہ بات انہوں نے محکمہ فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف کی جانب سے بلوچستان میں وزیر اعظم عمران خان کے جاری بیلن ٹری سونامی پروگرام پر ایک پیغام میں کہی انہوں نے کہا کہ جنگلات کی حفاظت کرکے ماحول کو بہتر بنانے کے عمل میں ہم سے ہر ایک کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا . لہذا ہمیں چاہئے کہ ہم متحد ہوکر اس قومی مقصد کے حصول کیلئے کوششوں کا آغاز کریں . انہوں نے کہا کہ سرسبز پاکستان اور شاداب بلوچستان کا حدف حاصل کرنے کیلئے نہ صرف ہر شہری کم از کم ایک درخت ضرور لگائے بلکہ ان کی آبیاری اور حفاظت کو بھی یقینی بنائے. انہوں نے کہا کہ جنگلات کو ان کی قدرتی حالت میں برقرار رکھ کر ہم جنگلی حیات کو بحفاظت آئندہ نسلوں کو منتقل کرسکتے ہیں.چیف کنزوریٹر عبدالجبار نے کہا کہ جنگلات کی پیداوار میں اضافے اور اس کے ماخذ کو ملکی اور صوبائی ضروریات کے مطابق بڑھانے کیلئے محکمہ فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف تمام دستیاب ذرائع اور وسائل کو بروئے کار لائے گی. انہوں نے اپنے پیغام میں عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے بلین ٹری سونامی پروگرام کی کامیابی کیلئے محکمہ فاریسٹ کے ساتھ بھرپور مدد و تعاون کریں تاکہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کو آلودگی سے پاک اور ایک صحتمند ماحول فراہم کرسکیں.

Shares: