شہر بھر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کی تیاریاں مکمل

سرگودھا۔(اے پی پی) شہر بھر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور کسی بھی وقت تجاوزات کیخلاف بلا امتیاز آپریشن شروع کردیا جائیگا دکانداروں کے سامان ضبط کرنے انہیں جرمانہ کرنے اور ضبط شدہ مال کو نیلام کرنے کیلئے بھی اقدامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جبکہ مختلف بازاروں کے بیرونی راستوں پر فولڈر بیرئیر لگانے کیلئے بھی اقدامات کو مکمل کیا جارہا ہے۔ ابتدائی طور پر کارخانہ بازار میں فولڈر بیرئیر لگنے سے بازاروں میں بے جا چنگ چی رکشاؤں کے داخلے پر پابندی سے بہتری آئی ہے جبکہ تجاوزات میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ذرائع کے مطابق کچہری بازار اور امین بازار میں فولڈنگ بیرئیر ابتدائی مرحلے میں لگائے جائینگے تاکہ ان بازاروں میں چنگ چی رکشاؤں‘ گدھا ریڑھیوں‘ گاڑیوں وغیرہ کے داخلے کو بند کیا جاسکے اور تجاوزات کو ختم کرنے میں یہ فولڈنگ بیرئیر مدد گار ثابت ہونگے اس طرح بازاروں کے اندرونی بلاکوں میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے بھرپور مہم چلائی جائیگی اور پھٹہ مافیا کا خاتمہ کیا جائیگا۔

Comments are closed.