فیصل آباد(محمد اویس)صوبائی وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق اعجازعالم آگسٹین نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈویژنل کمشنر عشرت علی سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بھی موجودتھے۔صوبائی وزیر نے حکومتی سطح پر اقلیتی برداری کی فلاح وبہبود وترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اوراقلیتی برداری کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی پر انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کرسمس سمیت دیگر مذہبی تہواروں پر مسیحیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات ومراعات اور علاقائی تعمیر وترقی کے مجموعی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بعض گرجاگھروں ومشنری سکولوں کے مسائل کی نشاندہی بھی کی۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ اقلیتی برداری ملکی تعمیر وترقی کے لئے دیگر ہم وطنوں کے شانہ بشانہ یکساں کردار ادا کررہی ہے اور ان کی قومی خدمت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لہذا ان کے مسائل کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے بتایاکہ اقلیتی برداری کے لئے سرکاری ملازمتوں کے کوٹہ اور تعلیمی وظائف کی فراہمی سمیت دیگر مراعات وسہولیات کے اقدامات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بتایا کہ ضلعی سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹی برائے مینارٹی آفیئرز کی میٹنگز کرکے درپیش مسائل کا جائزہ اور ان کے حل کے لئے تیز رفتار اور موثر ترین اقدامات کئے جارہے ہیں۔

Shares: