صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کے چوتھے اجلاس کی صدارت

فیصل آباد ( محمد اویس) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کے چوتھے اجلاس کی صدارت کی جس میں وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس الائیڈوڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ڈاکٹر خرم الطاف،ڈاکٹر حبیب بٹر کے علاوہ محکمہ فنانس،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے نمائندے اور مخیر حضرات بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران یونیورسٹی کے مختلف مالی،طبی وانتظامی امور کی منظوری دی گئی جس کے تحت میڈیکل مشینری کی خریداری،آپریشن تھیٹرز کی اپ گریڈیشن ودیگر منصوبے شامل ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے سینڈیکیٹ کے ارکان سے کہا کہ وہ یونیورسٹی کے زیراہتمام ہسپتالوں کا مختلف اوقات میں ماہانہ وزٹ کرکے انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کریں اور علاج معالجہ کی سہولتوں کی بھی مکمل مانیٹرنگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ وٹس ایپ گروپ کے ذریعے سنڈیکیٹ کے ارکان کو متعلقہ سرگرمیوں سے آگاہ رکھا جائے۔صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ حکومت پنجاب نے شعبہ صحت کی ترقی واستحکام کے لئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں جس کے تحت نئے ہسپتالوں کے قیام کے علاوہ موجودہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ الائیڈ وڈی ایچ کیو ہسپتال کو 27وینٹی لیٹرز فراہم کردئیے گئے ہیں جو فوری فنکشنل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کو ادویات کی بلاتعطل فراہمی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ودیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کا عمل بھی جاری ہے اورموجودہ حکومت نے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کیا ہے۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران بعض امور بھی زیر بحث آئے۔

Comments are closed.