عید الاضحی پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے شہریوں اور بیوپاریوں کو جامع اور محفوظ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

0
65

فیصل آباد (اے پی پی):عید الاضحی کے سلسلہ میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے شہریوں اور بیوپاریوں کو انتظامی لحاظ سے جامع و منظم اور محفوظ سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ اس ضمن میں ماڈل مویشی منڈی میں مویشیوں کے رش کے پیش نظر تمام ترانتظامات ضروری تقاضوں کے مطابق ہونے چاہئیں۔ یہ بات کمشنر فیصل آباد ڈویژن محمود جاوید بھٹی نے کمشنر آفس میں ایک اجلاس کے دوران قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے حوالے سے ضروری انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔اس موقع پر تمام متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔انہوں نے ماڈل کیٹل مارکیٹ میں عید الاضحی کے حوالے سے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ نیاموآنہ ماڈل مارکیٹ جانوروں کی خرید و فروخت کے سلسلے میں بڑا مرکز ہے لہٰذ ا تمام تر ضروری انتظامات عیدالاضحی تک برقرار رہنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈی نیاموآنہ میں بڑے چھوٹے جانوروں کیلئے جگہ کی مناسب ترتیب ہونی چاہئے تاکہ خریداروں کیلئے آسانی اور نظم و ضبط برقرار رہے۔ انہوں نے صفائی ستھرائی‘ لائٹنگ‘ سکیورٹی کے انتظامات‘ ڈسپنسری‘ بیوپاریوں کیلئے قیام گاہوں‘ کینٹین سمیت دیگر ضروری انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ جدید مویشی منڈیوں کا قیام شعبہ لائیو سٹاک کی ترقی و استحکام کیلئے خوش آئند اقدام ہے جس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام تر انتظامی ڈھانچے کو مضبوط ہونا چاہئے۔ انہوں نے ڈویژن کی دیگر ماڈل مویشی منڈیوں کو بھی جلد جدید خطوط سے استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے سلسلے میں ماڈل مویشی منڈی نیاموآنہ میں انتظامات کو تسلسل کے ساتھ چیک کیا جارہا ہے اور اس اہم آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھر پور معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژن میں عیدالاضحی کے حوالے سے مویشی منڈی نیاموآنہ کے علاوہ دیگر عارضی سیل پوائنٹس کی بھی مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کی طرف سے شہر کے داخلی راستوں پر عارضی چوکیاں قائم کی گئی ہیں جہاں جانوروں کی چیچڑوں سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن کی جارہی ہے تاکہ چیچڑ سے پاک جانور ہی مویشی منڈیوں میں فروخت ہوں۔ جی ایم ایڈمن نے بریفنگ کے دوران پارکنگ ایریاز‘ پینے کے پانی‘ فوڈ پوائنٹس‘ واش رومز‘ لائٹس‘ ٹریفک پلان‘ صفائی ستھرائی اور دیگر اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ اجلاس کے دوران ماڈل مویشی منڈی ملوآنہ جھنگ اور تاندلیانوالہ کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

Leave a reply