فیصل آباد، ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی اشیائے ضروریہ کے سرکاری طور پر مقررکردہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کرایاجائے گا اس ضمن میں قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کے منفی رحجان کی حوصلہ شکنی کی جائے گی لہذا دکاندار صارفین سے طے شدہ قیمتیں ہی وصول کریں بصورت دیگر ناجائز منافع خوروں کو قانون شکنی پر سزا بھگتنا پڑے گی۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)طارق خاں نیازی نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اسسٹنٹ کمشنرز شمائلہ منظور،نازیہ موہل،خرم شہزادبھٹی،فیصل سلطان،ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی مقدس رانی،ایکسٹرااسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ عبدالرحمن،ڈی او انڈسٹریز خالد محمود،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹیز،لائیوسٹاک،خوراک اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ تاجر تنظیموں کے نمائندے راؤہاشم،شاہد ممتاز باجوہ اور صارفین کے نمائندے بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران مختلف اشیائے ضروریہ کی موجودہ بازاری قیمتوں اور ان کی دستیابی کے نرخوں کے اتار چڑھاؤ کا جائزہ لیا گیا اور صدر اجلاس نے کہا کہ تھوک وپرچون فروشوں،دکانداروں وتاجروں اور صارفین کی مشاورت سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس کی خلاف ورزی کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے دکانداروں کے نمائندوں سے کہا کہ وہ تعاون کریں تاکہ کارروائی کی نوبت نہ آئے۔

Shares: