فیصل آباد، مختلف بیماریوں کی روک تھام کے لئے میڈیکل ریسرچ کے ثمرات مریضوں تک پہچانے کے اقدامات کو نتیجہ خیز بنایا جائے
فیصل آباد، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن مومن آغا نے کہا ہے کہ مختلف بیماریوں کی روک تھام کے لئے میڈیکل ریسرچ کے ثمرات مریضوں تک پہچانے کے اقدامات کو نتیجہ خیز بنایا جائے اس سلسلے میں تدریسی ہسپتالوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ انہوں نے یہ بات اپنے دورہ فیصل آباد کے موقع پر الائیڈ ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی ۔ پرنسپل فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری ‘میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خرم الطاف ‘ ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اکرم چیمہ اور ہسپتال کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے سرجیکل ایمرجنسی ‘ میڈیکل ایمرجنسی ‘ اونکالوجی وارڈ ‘ ادویات کے سٹور اور الائیڈ ہسپتال میں دیگر مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں کے لئے علاج معالجہ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ انتظامی و طبی امور میں اعلی معیار کو یقینی بنایا جائے اس ضمن میں مریضوں کو علاج معالجہ کے سلسلے میں ہر ممکن آسانیاں میسر آنی چاہیں ۔ انہوں نے صفائی کے اعلی معیار کو برقرار اور طبی مشینری کو چالو رکھنے اور تشخیصی سہولیات میں بہتری لانے کی تاکید کی اور کہا کہ اعلی نظم و نسق کی بدولت عام مریضوں کو تدریسی ہسپتالوں پر بھر پور اعتماد ہونا چاہئے ۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے مختلف اقسام کی ادویات کی دستیابی اور ان کے اجراءکے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا اور انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ تمام امور شفاف ہونے چاہیں ۔انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین کی آسائش و سہولیات کا بھر پور خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کی کنٹین ‘ جنرل و میڈیکل سٹور پر قیمتوں اور معیار کو کنٹرول میں رکھا جائے۔ انہوں نے الائیڈ ہسپتال کے انتظامی و طبی معاملات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کی ترقی کے سلسلے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری کو کاوشوں کو سراہا۔