فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی )ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر دیہاتوں ودوردراز علاقوں میں صفائی ستھرائی،پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاہم اپنی مدد آپ کے تحت دیہی علاقوں میں صاف ستھرے و خوشگوار ماحول کو پروان چڑھانے میں حصہ لینے والوں کے فلاحی اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کی بھرپور سرپرستی اور حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے یہ بات چک 4ج ب ارفع کریم آباد میں ”ویلج واش کمیٹی“کے قیام کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل) مصور خاں نیازی،چیف کوآرڈینیٹر کمیٹی خاور شفیق رندھاوا،محمد عظیم رندھاوا،سماجی کارکن نذیر احمد وٹو کے علاوہ اہل دیہہ بڑی تعداد میں شریک تھے۔ڈویژنل کمشنر نے ویلج واش کمیٹی کے قیام کو سراہا اور کہا کہ دیگر دیہاتوں کو بھی اس اقدام کی پیروی کرتے ہوئے صحت مند معاشرے کی بنیادیں مضبوط کرنی چاہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام پر بھی بھرپور انداز میں عملدرآمد کے حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہوئے ہیں جس کا تسلسل آئندہ بھی برقرار رہے گا۔ڈویژنل کمشنر نے اہل دیہہ پر زور دیا کہ وہ خواتین کو بھی ویلج واش کمیٹی میں مناسب نمائندگی دیں تاکہ کمیٹی کے قیام کے حقیقی مقاصد حاصل ہوسکیں۔انہوں نے مرحومہ ارفع کریم کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارفع نے آئی ٹی کے میدان میں جودیاجلایا وہ ہمیشہ روشن رہے گا۔ڈپٹی کمشنر نے اپنی مدد آپ کے تحت ارفع کریم آباد میں ویلج واش کمیٹی کے شاندار اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایسے فلاحی اقدامات کی بھرپور سپورٹ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ گاؤں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے صفائی کی اہمیت وافادیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا ہے لہذا اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں جذبہ کے تحت آگے بڑھایا جائے۔چیف کو آرڈینیٹر نے ویلج واش کمیٹی کے قیام کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی اور ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی کا شکریہ ادا کیا اور کمیٹی کے قیام کے اغراض ومقاصد پرروشنی ڈالی۔انہوں نے بتایا کہ اہل دیہہ کے تعاون سے صفائی کے نظام میں جدت لائی جارہی ہے۔اس سلسلے میں عارضی ویسٹ ورکرز کی خدمات حاصل اور اس اقدام میں اہل دیہہ بھر پور انداز میں شریک ہیں۔انہوں نے گاؤں کو درپیش دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گاؤں کو آنے والی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ سوئی گیس وپینے کے صاف پانی کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے۔قبل ازیں ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی اور ڈویژنل کمشنر طارق خان نیازی نے فیتہ کاٹ کر ویلج واش کمیٹی کے قیام کا افتتاح کیا۔

Shares: