لودہراں(نمائندہ باغی ٹی وی)نئے تعینات ہونے والے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید کرار حسین نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ ڈی پی او آفس آمد پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیدکرار حسین کو پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔چارج سنبھالنے کے بعد ڈی پی او سید کرار حسین نے دفتر سے جاری بیان میں کہا کہ ضلع بھر میں امن وامان کے قیام اور انسداد جرائم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔عوام کو انصاف کی فراہمی اور مسائل ومشکلات کے ازالے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی اور پولیس فورس کی ویلفئیر کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ضلعی پولیس سربراہ سیدکرار حسین نے کہا کے شہریوں اور پولیس ملازمین کیلئے انکے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے رہیں گے اور کسی کیساتھ بھی کوئی ناانصافی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی،ہم سب کوایک ٹیم بن کر کام کرنا ہوگا۔ہمیں پولیس کی وردی کی عزت کا خاص خیال رکھنا ہے اور لوگوں کی خدمت کرنا پولیس کے فرائض منصبی میں شامل ہے۔نئے ڈی پی او نے دفتر میں تعینات تمام افسران، برانچ انچارجز اور عملے سے فرداً فرداًملاقات بھی کی کہا کہ ملک و قوم اور محکمہ کی بہتری کے لئے بھر پور کام کریں، میرٹ پر انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

Shares: