فیصل آباد(محمد اویس)محکمہ خواندگی وغیر رسمی تعلیم پنجاب کے زیراہتمام سنٹرل جیل میں تعلیم بالغان کے 10مرکز قائم کئے گئے ہیں تاکہ مخصوص تعلیمی کورس کے ذریعے اَن پڑھ قیدیوں کو خواندہ بنایا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر سی ای اوایجوکیشن علی احمد سیان نے سنٹرل جیل میں تعلیم بالغان مراکز کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل نورحسن بگھیلہ،ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی نویدا لحق بٹ اور جیل کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان نے علم کی افادیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تعلیم سے شعوروآگاہی حاصل ہوتی ہے جس سے انسان بہتر اور کامیاب زندگی گزارنے کے قابل ہوتا ہے۔انہوں نے قیدیوں سے کہا کہ وہ تعلیم بالغاں پروگرام سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کو بھی حصول علم کی جانب راغب کریں۔انہوں نے قیدیوں کی فلاح وبہبود اور اصلاح کے لئے مختلف تعلیمی ورفاہی پرورگرامز کے انعقاد پر سپرنٹنڈنٹ جیل نور حسن بگھیلہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ صحت وصفائی کے حوالے سے جیل کا خوبصورت،سرسبز وشاداب اور پرسکون ماحول کلین اینڈ گرین پروگرام کی بہترین عکاسی کررہا ہے۔جیل سپرنٹنڈنٹ نور حسن بگھیلہ نے تعلیمی مراکز کے قیام پر محکمہ خواندگی وغیر رسمی تعلیم اور ڈپٹی کمشنر محمد علی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جیل کے بالکل اَن پڑھ اڑھائی سو قیدیوں کو خواندہ بنانے کے لئے یہ قابل تحسین اقدام ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے لئے جیل میں پڑھے لکھے قیدیوں کو ٹیچرز کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ قیدیوں کو دینی وعصری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت واصلاحات کے مختلف پروگرامز پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اسی سلسلے میں جیل میں ایجوکیشن کمپلیکس مختص کیاگیا ہے۔قبل ازیں ڈی او لٹریسی نوید الحسن بٹ نے تعلیم بالغان مراکز کے قیام کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تین ہفتہ کے کورس کے دوران ناخواندہ قیدیوں کو اردو،انگریزی اور ریاضی کی تعلیم دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیچرز کو وظیفہ دینے کے علاوہ کورس کی تکمیل کے بعد شرکاء کا تعلیم بالغاں کی تعلیمی جانچ بھی کی جائے گی۔بعدازاں سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان اور جیل سپرنٹنڈنٹ نورحسن بگھیلہ نے کورس کے شرکاء قیدیوں اور ٹیچرز میں کتابیں ودیگر میٹریل تقسیم کیا۔
۔۔۔///۔۔۔
م
محکمہ خواندگی وغیر رسمی تعلیم پنجاب کے زیراہتمام سنٹرل جیل میں تعلیم بالغان کے 10مرکز قائم
Shares: