نیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ ٹورنامنٹ 13 سے 24 اکتوبر تک اقبال سٹیڈیم میں ہوگا
فیصل آباد(نمائندہ باغی ٹی وی)نیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ(ڈے اینڈ نائٹ) ٹورنامنٹ 13سے 24،اکتوبر تک اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں قومی سطح پر چھ کرکٹ ٹیمیں حصہ لیں گی۔اس سلسلے میں ایک اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں نیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ ٹورنامنٹ کے حفاظتی وانتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پاکستان کرکٹ بورڈ ہارون الرشید،ڈائریکٹر ایچ آر ایم کرنل اشفاق،اسسٹنٹ مینجر سیکورٹی پی سی بی محمدعرفان کے علاوہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان‘ایڈمن آفیسر ریاض انجم اورکیئر ٹیکر اقبال سٹیڈیم نوید نذیر سمیت پولیس،سپیشل برانچ،سول ڈیفنس،واسا،پی ایچ اے،فیسکو،پارکنگ کمپنی،ٹریفک پولیس،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرزوالائیڈ ہسپتال اوردیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔صدراجلاس نے ٹورنامنٹ کے احسن اور پرسکون انداز میں انعقاد کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کے بہاؤ کے لئے متبادل راستوں کے تعین کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی پارکنگ کا منظم انتظام ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے حوالے سے اقبال سٹیڈیم کی مکمل سکریننگ کے علاوہ ضروری سیکورٹی آلات کی تنصیب قبل ازوقت مکمل کرلی جائے۔انہوں نے سٹیڈیم کی تزئن وآرائش اورصفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے خصوصی سٹاف تعینات ہونا چاہیے۔انہوں نے ایمرجنسی سروسز کو فعال رکھنے اور تمام محکموں میں مکمل کوآرڈینیشن پر زور دیا اور کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء کے سٹالز لگانے کے لئے محفوظ لائحہ عمل اختیار کریں جبکہ ٹکٹوں کی فروخت کا نظام بھی سہل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران ڈیوٹی سرانجام دینے والے مختلف محکموں کے افسران تمام ضروری تقاضوں کا ادراک کریں تاکہ شائقین کرکٹ کے لئے محفوظ اورپرسکون ماحول میسرآسکے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی ترویج وترقی کے لئے ایسے ٹورنامنٹ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جن کی بدولت بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے سافٹ امیج میں اضافہ ہوگا لہذا تمام انتظامات کو جامع اورٹھوس ہونا چاہیے تاکہ کوئی خلاء یا کمزوری باقی نہ رہے اورکرکٹ ٹورنامنٹ سے فیصل آباد کا اچھا تاثر ابھر کر سامنے آئے۔اجلاس کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے افسران نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ ٹورنامنٹ سے فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز کے انعقاد کے مزید راستے کھلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی ٹیموں میں قومی کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جن کے لئے بہتر سے بہتر انتظامات کویقینی بنایاجائے گا تاکہ شائقین کرکٹ کے ذوق کی بہتر تسکین ممکن ہو۔