فیصل آباد(محمد اویس) صوبائی وزیروومن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ پولیو کے خلاف جہاد ہم سب کا قومی فریضہ ہے لہذا والدین اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو آئندہ انسداد پولیو مہم کے دوران ذمہ داری سے حفاظتی قطرے پلائیں۔انہوں نے یہ بات تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کمالیہ کے زیر اہتمام انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں منعقدہ آگاہی واک کی قیادت کرتے ہوئے کہی۔اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ نوشین اسرار‘محکمہ صحت کے افسران اور سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک تھے۔صوبائی وزیروومن ڈویلپمنٹ نے کہا کہ بار بار پولیو مہم دہرانے کا مقصد اس وائرس کا یکسر خاتمہ کرنا ہے جس کے لئے والدین کا بھرپورتعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وطن عزیز کو پولیو کی بیماری سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے اس سلسلے میں محکمہ صحت کی کوششوں میں کمی نہیں آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو موذی امراض سے بچانے کے لئے مہم کو نتیجہ خیز بنایا جائے اس سلسلے میں والدین کی آگاہی ہمہ وقت جاری رہنی چاہئے۔انہوں نے محکمہ صحت سے کہا کہ وہ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک رسائی حاصل کریں اور کسی وجہ سے گھروں سے غیر حاضر بچوں کو قطرے پلانے تک چین سے نہ بیٹھیں۔انہوں نے کہا کہ مہم کی کامیابی کے لئے ہر ممکن تشہیری ذرائع بروئے کا رلائے جائیں اور اہم عوامی مقامات پر پولیو ٹیمیں بچوں کو قطرے پلانے کے لئے متحرک رہنی چاہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مہم کے سو فیصد اہداف حاصل کئے جائیں اس سلسلے محکمہ صحت کی طرف سے بھرپور اور ذمہ دار مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ آج سوموار سے شروع ہونے والی انسداد پولیو کی قومی مہم کے سلسلے میں تمام تر ضروری انتظامات مکمل ہیں۔

Shares: