فیصل آباد(محمد اویس) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمیٹی (فیڈمک) کے تحت بننے والے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں فونڈری اینڈ انجینئرنگ انڈسٹری کے لئے الگ زون بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں فاؤنڈر ی اینڈ انجینئرنگ انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن کی طرف سے فیڈمک کو ابتدائی طور پر 400ایکڑ اراضی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر رہائشی آبادیوں میں موجود صنعتی یونٹس کی علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی منتقلی سے جہاں ماحولیاتی آلودگی و دیگر مسائل میں کمی آئے گی وہیں انڈسٹری کو فیڈمک کے اکنامک زونز میں سٹیٹ آف دی آرٹ انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کے سبب اپنی پیداوار کو بڑھانے اور معیار کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ فونڈری اینڈ انجینئرنگ انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن کی طرف سے فیڈمک کا آگا ہ کیا گیا ہے کہ ان کے اراکین کو اپنے پروڈکشن یونٹس شہر کے مختلف مقامات سے فیڈمک کے سپیشل اکنامک زون میں منتقل کرنے کے لئے پانچ ایکڑ کا ایک، چار ایکڑ کے 46، تین ایکڑ کے 15، دوایکڑ کے 45، ایک ایکڑ کے 58 اور آدھے ایکڑ کے 12پلاٹ درکار ہیں۔

چئیرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق فیصل آباد فاونڈری اینڈ انجیرنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری اشفاق اشرف اور ثناءاللہ سے ملاقات کرتے ہوئے
Shares: