کشمیریوں کے ساتھ ظلم و زیادتیوں پر انسانی حقوق کے عالمی ٹھیکیداروں کی خاموشی قابل مذمت ہے،بلوچستان سے اٹھی کشمیر کے حق میں بڑی آواز

0
40

کوئٹہ۔(اے پی پی)بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ مودی سرکار کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ ظلم و زیادتیوں کے تسلسل پر انسانی حقوق کے عالمی ٹھیکیداروں کی خاموشی قابل مذمت ہے،پاکستان کو اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ثالثی اداروں کی جانب دیکھے بغیر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے از خود قابل عمل اقدامات اٹھانے ہونگے کشمیر کے موقف پر قومی یکجہتی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اس مقصد کے لیے میثاق قومی یکجہتی کی تشکیل پر سنجیدہ غور کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 4 اکتوبر یوم قومی یکجہتی کشمیر کے موقع پر کوئٹہ میں بسنے والی کشمیری کمیونٹی کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا بانی بی اے پی و سینیئر سیاستدان سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ایک عرصہ عالمی اداروں کی جانب دیکھنے کے بعد یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ جہاں عالمی طاقتوں کے اپنے مفادات نہ ہوں وہاں ان عالمی اداروں کی دلچسپی نہیں ہوتی اور نہ ہی تنازعات کے حل کے لیے قابل عمل ٹھوس اقدامات اٹھائے جاتے ہیں جبکہ دنیا دیکھ چکی ہے کہ ان عالمی طاقتوں کے اپنے مفادات میں نیٹو فورسز سمیت فوجی طاقت کے بے دریغ استعمال سمیت معاشی اقتصادی پابندیوں اور ہر طرح کے قابل گرفت اقدامات تجویز کرتے ہوئے ان پر بلا تاخیر عمل درآمد شروع کر دیا جاتا ہے،عالمی طاقتوں اور بین الاقوامی ثالثی اداروں کی جانب مزید دیکھنا اور ان سے امیدیں وابستہ رکھنا قومی خود فریبی کے سوا کچھ نہیں، اب وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پرموثر فیصلہ سازی کا عمل از خود شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت باہمی جھگڑوں کا نہیں بلکہ معاشی بحران سے نمٹنے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے فوری طور پر تمام جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو ایک جگہ بیٹھ کر ان مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا اس مقصد کے لیے فوری طور ملک میں "میثاق قومی یکجہتی ” کی تشکیل کی ضرورت ہے تاکہ اندرونی و بیرونی خطرات اور معاشی و اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اتفاق رائے سے اقدامات تجویز کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ پر انحصار کا تصور بے سود ہے وقت اور حالات نے ثابت کیا ہے کہ اسلامی ممالک ہوں یا غیر مسلم اس وقت دنیا میں ہر ملک کو معاشی مفادات عزیز ہیں امہ مسلمہ کے اتحاد کا نعرہ کافی پہلے دفن ہوچکا اب اس مردہ گھوڑے پر مزید انحصار عالمی حالات سے کنارہ کشی اور معاشی تباہی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کا بھرپور دفاع کیا ہے اور حکومت کی موثر حکمت عملی پر مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ایک مضبوط کیس کے طور پر سامنے آیا ہے کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور ہر پاکستانی مسلۂ کشمیر پر ایک ہی موقف رکھتا ہے کشمیریوں کو ان کے حقوق اور آزادی دئیے بغیر جمہوریت کا ڈھونگ بھارت کا دوغلہ پن ہے اور بھارت کا مکرہ چہرہ پوری دنیا پر آشکار ہو چکا ہے۔

Leave a reply