ہری پور۔(اے پی پی) ہری پور کی سٹی پولیس نے موضع گہر خان میں دو روز قبل گھریلو ناچاقی پر اپنے سگے بھائی کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، اویس ولد ادریس نے دو روز قبل فائرنگ کر کے اپنے سگے بھائی عمر کو قتل کر دیا تھا جسے وہ بعد میں خودکشی کا رنگ دے رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق دو روز قبل پولیس تھانہ سٹی کی حدود موضع گہر خان میں اپنے سگے بھائی 17 سالہ عمر ادریس ولد محمد ادریس کو پستول سے قتل کرنے والے ملزم اویس ولد محمد ادریس کو ڈی پی او ہری پور ڈاکٹر زاہد اللہ جان کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ سٹی صدیق خان نے گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کو بتایا کہ اس کا چھوٹا بھائی عمر جذبانی اور غصیلہ تھا جس نے معمولی بات پر مجھ پر پستول تان لیا تھا، اس نے بھی چھوٹے بھائی سے پستول چھین کر اسے ڈرانے کیلئے اس کے پاؤ پر فائر کیا جو غلطی سے اس کے مثانہ میں جا لگا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔

گھریلو ناچاقی پر سگے بھائی کو ہی قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا
Shares: