10 روز میں انٹر بینک میں ڈالر 17 روپے مہنگا

0
51
US-dollars

10 روز میں انٹر بینک میں ڈالر 17 روپے مہنگا

کئی روز سے جاری ڈالر کی اونچی اڑان نہ رک سکی اور جمعرات کو بھی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سفر جاری رہا۔

جمعرات کوانٹربینک مارکیٹ میں ڈالر1 روپے 68 پیسے مہنگا ہوکر 236 روپے کا ہوگیا۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 240 روپے سے بھی تجاوز کرگئی۔ کرنسی مارکیٹس میں ڈالر کی قدر میں مسلسل دسویں روز اضافہ ہوا ہے۔ 10 روز میں انٹر بینک میں ڈالر 17 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔ ڈالر کی قدر میں اضافے سے پاکستان کے بیرونی قرضوں میں 2 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

ڈیلرز کا کہنا تھا کہ امپورٹرز کو بینکوں سے ڈالرز دستیاب نہیں ہیں،قیمت بڑھتی دیکھ کر ایکسپورٹرز نے اپنے ڈالرز روک لئے ہیں۔ کرنسی ڈیلرز کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد درآمدی ضروریات کیلٸے ڈالر کی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور آئی ایم ایف کی ایکسچینج ریٹ کو فری فلوٹ رکھنے کی شرط نے بھی صورتحال دشوار کردی ہے۔
مزید یہ پڑھیں: بغاوت کے مقدمے میں شہباز گل کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور
گزشتہ ہفتے آئی ایم ایف (IMF) کی جانب سے پاکستان کو1 ارب 16 کروڑ ڈالر قرض مل گیا، جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ اس سے روپے کی گرتی قدر کو سہارا ملے گا لیکن ایسا نہ ہوسکا اور ڈالر کو لگام نہ دی جاسکی۔ گذشتہ چند روز سے ملک کی کرنسی مارکیٹوں میں ڈالر سمیت دیگرغیرملکی کرنسیوں کے مقابلے میں روپیہ بے قدری کا شکار رہا۔

کرنسی ڈیلرز کا کہنا تھا کہ ڈالر کی طلب میں مسلسل اضافہ اس کی قدر میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ ڈالر کی طلب کے مقابلے میں فراہمی آدھی بھی نہ ہونے کے باعث ڈالر مسلسل مہنگا ہورہا ہے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتےہوئے امپورٹرعبدالرؤف کا کہنا تھا کہ بینکوں سے ڈالر دستیاب نہیں ہیں اوربلیک مارکیٹ کا حجم بڑھ رہا ہے۔

Leave a reply