راولپنڈی میں 10 سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل

راولپنڈی میں تھانہ واہ کینٹ کے علاقے میں دن کے وقت گھر سے کھیلنے کے لیے نکل کر لاپتہ ہونے والے 10 سالہ بچے کی لاش کھیت سے برآمد ہوگئی۔
پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کرکے تحقیقات شروع کردیں ۔ پولیس کے مطابق معیز نامی دس سالہ بچہ دن دو بجے کے قریب گھر سے کھیلنے کے لیے باہر گیا اور واپس نہیں آیا جس کو تلاش کیاگیا تو بچے کی لاش گھر سے دوسری گلی کے قریب کھیتوں میں پڑی ملی جسکے سر پر زخم کا نشان بھی تھا۔
پولیس موقع پر پہنچی اور سی پی او راولپنڈی شہزاد بخاری کے نوٹس پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن سید غضنفر شاہ اور ایس پی پوٹھوہار رانا وہاب خود موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ سے فرانزک شواہد اکھٹے کرکے تفتیشی کے لیے پولیس ٹیم تشکیل دی۔
ایس ایس پی انوسٹیگیشن غضنفر شاہ بچے کے لواحقین سے بھی ملے اور انھیں افسوسناک واقعہ میں ملوث سفاک ملزم کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تمام زاویوں پر تحقیقات کرکےملوث ملزم/ملزمان کو جلد گرفتارکرکے کڑی سزا دلوائی جائے گی۔
پولیس کے مطابق بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔  پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچے کو زبردستی کانشانہ بنائے جانے کی تصدیق ہوگئی۔

Comments are closed.