11 سالہ بچی کی تشدد زدہ لاش ملنے کی تحقیقات شروع، چچا اور چچی زیر حراست

کراچی کے علاقے گلستان جوہر کی جھگیوں سے 11 سالہ فاطمہ کی تشدد زدہ لاش ملنے کی تحقیقات شروع کردی گئیں، مبینہ طور پر تشدد میں ملوث بچی کے چچا اور چچی کو حراست میں لے لیا گیا۔کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 7 سے برآمد ہونے والی 11 سالہ لڑکی فاطمہ دختر اعجاز کے نام سے شناخت کر لی گئی۔ فاطمہ کی تشدد زدہ لاش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق فاطمہ اپنے چچا اور چچی کے ہمراہ جھگیوں میں رہا کرتی تھی۔
پڑوسی نے چچا اور چچی پر فاطمہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام بھی عائد کیا، پڑوسی کے پولیس کو بیان کے بعد فاطمہ کے چچا اور چچی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد تفتیش کو آگے بڑھایا جائیگا۔ ابتدائی طور پر فاطمہ کے گلے پر رسیوں کے نشان دیکھے جا سکتے ہیں۔

Comments are closed.