اسلام آباد:یوکرین میں پھنسے 1200 پاکستانی اپنی مدد آپ کے تحت پولینڈ میں داخل ہوگئے۔،اطلاعات ہیں کہ یوکرین کے پڑوسی ملک پولینڈ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ داخل ہو رہے ہیں، 1200 پاکستانی بھی پولینڈ کی سرحد کراس کرگئے۔

پولینڈ میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام کے مطابق تین سو پاکستانیوں نے پاکستانی ڈیسک پر رجسٹریشن کرائی ہے جب کہ دیگر نے رابطہ نہیں کیا اور خود وارسا روانہ ہوگئے۔

پولینڈ کی سرحد پر اس وقت دس پاکستانی موجود ہیں، ان کی تعداد 50 ہونے پر انہیں وارسا روانہ کردیا جائےگا۔یوکرین میں زیر تعلیم پاکستانی زمینی راستے سے پولینڈمیں داخل ہو رہے ہیں۔

گذشتہ روز یوکرین میں پاکستانی سفیر نوئیل کھوکھرکا کہنا تھا کہ یوکرین میں 3 ہزار پاکستانی طالب علم تھے، زیادہ تر طلبا کو نکال لیا ہے، بقیہ پاکستانیوں کو بحفاظت نکالا جارہا ہے۔

ادھر یورپی یونین، برطانیہ، جاپان، ناروے، آسٹریلیا، ترکی اور کینیڈا سمیت مختلف ممالک نے پاکستان پریوکرین پر روسی حملےکی مذمت کرنے پر زور دیا ہے۔

یوکرین پر روس کے حملےکا آج چھٹا روز ہے اور صورتحال تیزی سے بگڑتی نظر آرہی ہے۔

پاکستان پر برطانیہ، جاپان، ناروے، آسٹریلیا، ترکی، ڈنمارک اورکینیڈا سمیت یورپی یونین نے زور دیا ہےکہ پاکستان یوکرین پر روسی حملےکی مذمت کرے۔

سوشل میڈیا پر پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر نےکہا کہ پاکستان روسی اقدام کی مذمت کرے اور یو این چارٹر اور عالمی قوانین کی پاسداری کی حمایت میں دیگر ممالک کا ساتھ دے۔

Shares: