انجمن تاجران نے مہنگائی اور ٹیکسوں کی مبینہ بھرمارکے خلاف 13 جولائی بروز ہفتہ کو ملک گیر شٹرڈاون ہڑتال کا اعلان کیا تو انجمن تاجران ضلع مظفرگڑھ کے عہدیداروں سید امیر الحسن ،میاں شان فخر شیخ اور میاں عامر شیخ ودیگر نے بھی اس ہڑتال کی حمایت اور 13 جولائی کو مکمل شٹرڈاون کا اعلان کردیا۔انجمن تاجران ضلع مظفرگڑھ کے عہدیداران کی جانب سے ہڑتال کے اعلان پر مظفرگڑھ کے تاجروں کے ایک بڑے گروپ نے تاجر رہنماء عدیل شیخ کی قیادت میں اس ہڑتال کی کال سے مکمل طور پر قطع تعلقی کا اعلان کرتے ہوئے 13 جولائی کو اپنی دکانیں کھلی رکھنے کا اعادہ کیا۔عدیل شیخ نے باغی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انجمن تاجران مظفرگڑھ کے نام نہاد عہدیداروں نے اپنے ذاتی مفاد کی خاطر ہڑتال کا اعلان کیا 13جولائی کو ہر صورت دکانیں کھلولیں گے اگر کسی نے دکانیں بند کروانے کی کوشش کی تو پولیس سے رجوع کیا جائے گا۔
مظفرگڑھ کی موبائل مارکیٹ کے تاجر رہنماءمون شیخ نے بھی باغی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے 13جولائی کی ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہوئے دکانیں کھلی رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
مظفرگڑھ کی انجمن تاجران الیکٹرونکس مارکیٹ کے عہدیدار نوید نیئر کے مطابق انجمن تاجران کی ہڑتال تاجروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔
دوسری طرف انجمن تاجران ضلع مظفرگڑھ کے مرکزی رہنما سید امیر حسن باغی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ہڑتال کی کامیابی کے حوالے سے پرامید دکھائی دیئے۔
13 جولائی کی شٹرڈاون ہڑتال کے حوالے مظفرگڑھ کے تاجروں مشرف علی قریشی اور محمد مند بشیر ودیگر نے بھی ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔
مظفرگڑھ کی تاجر برادری میں گروپ بندی کے سبب 13 جولائی کی ہڑتال جزوی شٹر ڈاون تو ہوسکتی ہے مکمل نہیں۔