13 ویں عالمی اُردو کانفرنس‘ 3 تا 6 دسمبر 2020 آرٹس کونسل کراچی میں منعقد ہوگی

ہر سال کی طرح اس سال بھی آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام 13 ویں عالمی اُردو کانفرنس‘ 3 تا 6 دسمبر 2020 آرٹس کونسل کراچی میں منعقد ہوگی تاہم اس برس عالمی اردو کانفرنس ہر سال کی نسبت مختلف ہوگی کیونکہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث اسے محدود کردیا گیا جبکہ کانفرنس زیادہ تر ڈیجیٹل ہوگی۔

باغی ٹی وی : کورونا کی وبا کے پیش نظر’تیرہویں عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد محدود کردیاگیا ہے کانفرنس زیادہ تر آن لائن ڈیجیٹل ہوگی بیرون ممالک مقیم ادیب وڈیولنک کے ذریعے اردو کانفرنس میں شریک ہوں گے۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے پریس کانفرنس میں تیرہویں عالمی اردو کانفرنس 3تا 6دسمبر تک جاری رہنے کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے باعث پوری دنیا کا ماحول تبدیل ہوچکا ہے ہم نہیں چاہتے کہ عوام کی صحت متاثر ہو اسی لیے سوچ بچار اور انتظامیہ سے مشاورت کے بعد کانفرنس کا انعقاد کررہے ہیں۔

صدر آرٹس کونسل کراچی نے کہا کہ کانفرنس میں پاکستان کی علاقائی زبانوں، سندھی، بلوچی، سرائیکی، پشتو اور پنجابی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پروگرام میں بیاد آصف فرخی کے علاوہ ممتاز شخصیات کے ساتھ سیشن بھی ہوں گے جس میں انور مقصود اور ضیا محی الدین سمیت اردو ادب کی ممتاز شخصیات اور معروف صحافی شامل ہیں۔

اردو کانفرنس میں کتابوں کی رونمائی، نوجوانوں کا مشاعرہ، اردو نظم، سو برس کا قصہ،اردو ناول کی ایک صدی، نعتیہ اور رثائی ادب کی ایک صدی، سرائیکی زبان اور ادب، تاریخی جائزہ، بلوچی ز بان و ادب کے 100 برس،پاکستان میں فنون کی صورتحال، ہمایوں سعید سے ملاقات،محفلِ موسیقی،اردو افسانے کی ایک صدی،اردو غزل کا 100سالہ منظر نامہ، یاد رفتگاں، پشتو زبان و ادب کے 100 برس، پنجابی زبان و ادب کے سو سال،ہماری تعلیم کے 100برس،کلیات جوش،اور پھر یوں ہوا (مظہر عباس)، اردو صحافت کے 100 برس،اردو کا شاہکار مزاح(ضیا محی الدین)، عالمی مشاعرہ، اردو تنقید و تحقیق کے 100 برس،اردو میں ایک صدی کا نثری ادب،یارک شائر ادبی فورم،بچوں کا ادب، سندھی زبان و ادب کے سو برس،ہمارے ادب اور سماج میں خواتین کا کردار، کہانی زندگی سے پہلے سہیل احمد سے ملاقات اور انور مقصود پر سیشن منعقد ہوں گے۔

کانفرنس میں مسعود قمر ( سویڈن)، فرحت پروین (امریکا)، طاہرہ کاظمی (مسقط)، غزل انصاری (یوکے) جبکہ زہرا نگاہ، ریاض مجید، نذیر لغاری،شیما کرمانی، انیس ہارون، غازی صلاح الدین، وسعت اللہ خان، وسیم بادامی، مسلم شمیم، سید مظہرجمیل، امداد حسینی، نورالہدیٰ شاہ، حسن منظر کے علاوہ مشہور و معروف شخصیات شرکت کریں گی۔

پریس کانفرنس میں سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز احمد فاروقی، خازن قدسیہ اکبر اور منور سعید کے ہمراہ اراکین گورننگ باڈی کی بڑی تعداد موجود تھی-

Comments are closed.