باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے پنجاب کے مزاروں کے حوالہ سے بھی بڑا فیصلہ کر لیا
اس ضمن میں ایک اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اوردیگرشریک ہوئے، اجلاس میں پنجاب میں اوقاف کے زیراہتمام 544مزارات کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے
داتادربار،دربارپاکپتن سمیت تمام دربارکھولنےکی اجازت دی جائے گی، اس حوالہ سے مزارات کے لئے الگ سے ایس او پیز بنائے جائیں گے جس کے بعد مزارات کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی
پنجاب کے محکمہ اوقاف نے مزارات پر ڈس انفیکشن ٹنل نصب کررکھی ہیں، جب کہ مزارات پر آنے والوں کو احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد کرایا جائے گا،۔ مزارات بند ہونے کی وجہ سے عام شہریوں کو یہاں حاضری کی اجازت نہیں ہے ، جب کہ اوقاف کے زیرانتظام مساجد میں اجتماعات کے انعقاد پر پابندی عائد ہے۔
پنجاب کے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ مارکیٹ اور مساجد میں موجودہ ایس او پیز ، مقررہ اوقات کی پابندی کرائی جائے عوامی مقامات اور رہائشی علاقوں میں اسٹریٹ کرائم پر نظر رکھی جائے،
صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب سید سعید الحسن شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مزارات بند کئے گئے تھے اب جب کہ حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے تو مزارات کو بھی مخصوص اوقات کے لئے کھولا جاسکتا ہے اس حوالے سے حکومتی ہدایات اور ایس او پیز کا انتظار ہے۔ حکومت نے جمعۃ الوداع اورنمازعید الفطر کے اجتماعات کی اجازت بھی دے دی ہے اس حوالے سے حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں گی ،ہماری کوشش ہوگی کہ یہ اجتماعات مساجد کے اندر منعقد کرنے کی بجائے صحن اور گراؤنڈ میں منعقد ہوں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں لاک ڈاؤن کے دوران مزار بند ہونے سے محکمہ اوقاف پنجاب کو 26 کروڑ کا نقصان ہوا ہے